بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی نمازِ جنازہ اور تدفین کل ڈھاکا میں ہوگی

بنگلادیش کی سیاست کی نمایاں رہنما اور سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی آخری رسومات کل دارالحکومت ڈھاکا میں ادا کی جائیں گی۔

بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی نمازِ جنازہ اور تدفین کل ڈھاکا میں ہوگی

بنگلادیش کی سابق خاتون وزیراعظم اور بنگلادیش نیشنل پارٹی (بی این پی) کی سربراہ خالدہ ضیاء کی نمازِ جنازہ اور تدفین کل ڈھاکا میں ہوگی۔ خبر ایجنسی کے مطابق 80 سالہ خالدہ ضیاء کا انتقال آج صبح تقریباً 6 بجے ہوا، وہ طویل عرصے سے مختلف بیماریوں میں مبتلا تھیں۔ بی این پی کے مطابق خالدہ ضیاء کی طبیعت پیر کی شب اچانک بگڑ گئی تھی، جس کے بعد انہیں لائف سپورٹ پر منتقل کیا گیا، تاہم عمر اور صحت کی سنگینی کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ خالدہ ضیاء کے جنازے میں پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق شرکت کریں گے۔ واضح رہے کہ خالدہ ضیاء بنگلادیش کے سابق صدر اور فوجی حکمران ضیاء الرحمان کی اہلیہ تھیں۔ انہوں نے 1991 میں پہلی مرتبہ بنگلادیش کی وزیراعظم کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں، جبکہ 2001 میں وہ دوبارہ اس منصب پر فائز ہوئیں۔ اکتوبر 2006 میں عام انتخابات سے قبل انہوں نے اقتدار چھوڑ دیا تھا۔ خالدہ ضیاء کے انتقال سے بنگلادیش کی سیاست کا ایک اہم باب ختم ہو گیا ہے، اور ملک بھر میں ان کے چاہنے والوں اور سیاسی کارکنوں میں سوگ کی فضا پائی جاتی ہے۔