تلنگانہ میں افسوسناک واقعہ: ماں کی ڈانٹ پر 14 سالہ طالب علم نے جان لے لی

بھارتی ریاست تلنگانہ میں نویں جماعت کے طالب علم نے والدہ کی جانب سے پڑھائی پر توجہ دینے کی تلقین کے بعد شدید ذہنی دباؤ میں آ کر خودکشی کر لی۔

تلنگانہ میں افسوسناک واقعہ: ماں کی ڈانٹ پر 14 سالہ طالب علم نے جان لے لی

بھارتی میڈیا کے مطابق تلنگانہ کے ایک علاقے میں پیش آنے والے دلخراش واقعے میں 14 سالہ طالب علم نیالم آکرش نے اپنی جان لے لی۔ آکرش ایک نجی اسکول میں نویں جماعت کا طالب علم تھا اور کرکٹ کھیلنے کا شوقین تھا۔ رپورٹس کے مطابق آکرش کی والدہ سری دیوی نے اسے کرکٹ کھیلنے کے بجائے اسکول کا کام مکمل کرنے پر زور دیا، جس پر ماں بیٹے کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی۔ مبینہ طور پر والدہ کی ڈانٹ اور روک ٹوک سے آکرش شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گیا اور اپنے کمرے میں جا کر دروازہ اندر سے بند کر لیا۔ کافی دیر تک جواب نہ ملنے پر اہلِ خانہ نے دروازہ توڑا تو آکرش کو پنکھے سے لٹکا ہوا پایا گیا۔ اہلِ خانہ فوری طور پر اسے قریبی اسپتال لے گئے، تاہم ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام گھریلو بحث کے بعد پیدا ہونے والے اچانک جذباتی دباؤ کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔ واقعے نے علاقے میں غم اور تشویش کی فضا قائم کر دی ہے، جبکہ ماہرین بچوں کی ذہنی صحت پر والدین اور تعلیمی دباؤ کے اثرات پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔