این اے 185 میں دھاندلی کے الزامات تشویشناک ہیں، مسلم لیگ ن نے معاہدہ نہیں نبھایا: راجہ پرویز اشرف

راجہ پرویز اشرف نے پیپلز پارٹی کے امیدوار کے تحفظات اور مبینہ دھاندلی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

این اے 185 میں دھاندلی کے الزامات تشویشناک ہیں، مسلم لیگ ن نے معاہدہ نہیں نبھایا: راجہ پرویز اشرف

پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے این اے 185 ڈیرہ غازی خان کے انتخابی عمل پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار دوست محمد کھوسہ نے دھاندلی کے سنجیدہ اور قابلِ توجہ الزامات عائد کیے ہیں۔ راجہ پرویز اشرف نے بتایا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان واضح معاہدہ تھا کہ جس جماعت کا امیدوار رنر اپ ہوگا وہ ضمنی انتخاب لڑے گا، جبکہ دوسری جماعت اس کی مکمل حمایت کرے گی۔ تاہم مسلم لیگ ن کی جانب سے اس طے شدہ فارمولا پر عمل نہیں کیا گیا، جس سے شکوک و شبہات مزید بڑھ گئے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب دونوں جماعتیں حکومتی اتحادی ہیں تو ایسی صورتحال کیوں پیدا ہوئی؟ کیا وجہ ہے کہ الیکشن کے دوران طے شدہ قواعد کو نظر انداز کیا گیا؟ پیپلز پارٹی رہنما نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ وہ این اے 185 کے معاملے پر صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائیں اور ذمہ داران کے خلاف ایکشن لیا جائے تاکہ انتخابی عمل پر عوام کا اعتماد برقرار رہے۔