ذوالفقار علی بھٹو نے سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر عوامی جلسوں تک پہنچایا: نثار احمد کھوڑو

پیپلز پارٹی کے 58ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ہر ضلع میں جلسے منعقد کیے جائیں گے جن سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آن لائن خطاب کریں گے

ذوالفقار علی بھٹو  نے سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر عوامی جلسوں تک پہنچایا: نثار احمد کھوڑو

حیدرآباد: سندھ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین اور پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ 30 نومبر پاکستان کی سیاسی تاریخ میں وہ سنگ میل ہے جس نے ملک کو جماعتی سیاست اور پارلیمانی جمہوریت کی نئی راہ دکھائی۔ وہ حیدرآباد ڈویژن کے تنظیمی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر عوامی جلسوں تک پہنچایا اور سماجی انصاف پر مبنی سوشل ڈیموکریٹک سیاست کی بنیاد ڈالی۔نثار کھوڑو نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کے 58ویں یومِ تاسیس کے موقع پر 30 نومبر کو ملک کے ہر ضلع میں جلسے منعقد کیے جائیں گے جن سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آن لائن خطاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جلسوں کا وقت دوپہر 1 بجے رکھا گیا ہے جبکہ بلاول بھٹو سہ پہر 3 بجے تقریر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی کاوشوں سے صوبے میں 21 لاکھ گھروں کی تعمیر جاری ہے جن میں سے 7 لاکھ گھر تکمیل کے بعد مستحقین کے حوالے کیے جا چکے ہیں۔نثار کھوڑو نے کہا کہ گزشتہ دو سال سے گندم کی کوئی باقاعدہ قیمت مقرر نہیں تھی، تاہم بلاول بھٹو زرداری کی کوششوں سے گندم کی کم از کم قیمت 3500 روپے فی من مقرر کی گئی ہے۔سندھ حکومت 12 لاکھ ٹن تک گندم کی خریداری کرے گی،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئینی عدالت کا مطالبہ پیپلز پارٹی نے 2005 میں بھی کیا تھا، انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے ماضی میں متعدد بار قوم کو مایوس کیا، مارشل لاز کی توثیق کی اور ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کا فیصلہ بھی پانچ کے مقابلے میں چار ججوں نے دیا۔نثار کھوڑو نے بتایا کہ پبلک اکائونٹس کمیٹی کے کام کے نتیجے میں سندھ حکومت کی 26 ارب روپے کی واجبات وصول کیے گئے جو ماضی میں کبھی جمع نہیں ہوئے، کے الیکٹرک حکومتِ سندھ کی الیکٹرک ڈیوٹی کی 30 ارب روپے کی رقم روک رہی تھی تاہم اب کمپنی ماہانہ دو ارب روپے جمع کرانے کی پابند ہے۔انہوں نے این آئی سی وی ڈی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا میں سب سے زیادہ انجیو پلاسٹی کرنے والے اداروں میں شامل ہے۔نثار کھوڑو نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی اٹھارویں ترمیم کے کسی بھی طرح کے رول بیک کی سخت مخالف ہے۔انہوں نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم حکومت کی جانب سے لائی گئی ہے اور پیپلز پارٹی صرف اس میں اصلاحات کی تجاویز دے رہی ہے۔ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے 58ویں یوم تاسیس کے حوالے سے حیدرآباد ڈویژن کا اجلاس پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو کی صدارت میں رضوی ہاوس گلستان سجاد میں ھوا، جس میں صوبائی وزیر شفقت شاہ شیرازی، میئر حیدرآباد کاشف خان شورو، پیپلز پارٹی حیدرآباد ڈویژن کے صدر عاجز دھامرہ اور جنرل سیکریٹری گیان چند ایسرانی، ایم این اے صادق میمن، ایم این اے سید طارق حسین شاہ جاموٹ، ایم پی اے جبار خان ڈاکٹر موہن لعل کوہستانی ایم پی اے سید اعجاز شاہ، انجنیئر سکندر حیات اور دیگر بھی موجود تھے۔