بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، تین دہشتگرد ہلاک

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، تین دہشتگرد ہلاک

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی کارروائیوں کے دوران تین دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جن کا تعلق مبینہ طور پر بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی تنظیم بلوچ لبریشن فرنٹ سے تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشنز 17 اور 18 مئی کو انجام دیے گئے جن کا مقصد امن و امان کو نقصان پہنچانے والے عناصر کا خاتمہ تھا۔ ضلع کیچ کے شہر تربت میں کارروائی کے دوران دو خطرناک دہشتگرد مارے گئے، جن میں سے ایک کی شناخت تنظیم کے سرغنہ صبراللہ اور دوسرے کی امجد عرف بچو کے نام سے ہوئی ہے۔ ہلاک دہشتگرد مختلف دہشتگردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے، جن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ شامل ہے۔ ایک اور آپریشن ضلع آواران کے علاقے گِشکور میں کیا گیا، جہاں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد یونس مارا گیا جبکہ دو دیگر شدت پسند زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں بھارتی ایجنسیوں کے ایجنٹوں کی طرف سے کی جانے والی بدامنی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہیں۔