دوشنبہ: پاکستان اور تاجکستان کے وزرائے اعظم کے درمیان دو طرفہ ملاقات
دوشنبہ: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا دو روزہ دورہءِ تاجکستان
پاکستان اور تاجکستان کے وزرائے اعظم کے درمیان دو طرفہ ملاقات
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے تاجکستان کے وزیر اعظم قاہر رسول زادہ سے آج دوشنبہ میں ملاقات کی۔
دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان و تاجکستان کے مابین موجودہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تاجک وزیراعظم کو تیسری اعلیٰ سطحی آبی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور آبی سفارت کاری کے شعبے میں تاجکستان کے قائدانہ کردار کو سراہا۔
اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کو پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اس بلندی سے باہمی طور پر مفید اقتصادی تعاون کے نئے شعبوں میں تعاون کو فروع ملے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنی "ویژن سنٹرل ایشیا" پالیسی کے مطابق تاجکستان سمیت وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط کے مزید فروغ کو جاری رکھے گا۔ انہوں خطے کی پائیدار اور طویل مدتی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے علاقائی روابط کی کلیدی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ملاقات میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنوبی اور وسط ایشیائی خطے میں علاقائی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تاجک وزیراعظم کو کراچی بندرگاہ کو ٹرانزٹ تجارت کے لیے استعمال کرنے کی دعوت دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ریل ٹریکس اور سڑکوں کی تعمیر سے علاقئی روابط کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان وسط ایشیائی ممالک کو تجارتی راہداری فراہم کرنے اور علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے عنقریب علاقائی کنیکٹیویٹی سمٹ کی میزبانی کرے گا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور تاجکستان کے مابین شروع ہونے والی حالیہ بین الاقوامی پروازوں کا خیر مقدم کیا اور ان پروازوں کی تعداد میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ تاجک اور پاکستانی عوام کے مابین مزہبی اور ثقافتی اقدار مشترک ہیں اور دونوں ممالک کے مابین سماجی روابط کو مزید توسیع دینے کی ضرورت پر زور دیا.
وزیراعظم نے ثقافت، تعلیم، کھیلوں اور عوام سے عوام کے روابط کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کا بھی اعادہ کیا۔
0 تبصرے