پیپلز پارٹی کی شمولیت کے بغیر آئینی ترمیم ممکن نہیں: طلال چوہدری

طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم سمیت کوئی بھی ترمیم پیپلز پارٹی کے بغیر منظور نہیں ہو سکتی۔

پیپلز پارٹی کی شمولیت کے بغیر آئینی ترمیم ممکن نہیں: طلال چوہدری

وزیرِ مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے واضح کہا ہے کہ آئین میں کسی بھی ترمیم کے لیے پیپلز پارٹی کی حمایت ناگزیر ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آئینی ترمیم کے لیے دو تہائی اکثریت ضروری ہوتی ہے، اس لیے تمام جماعتوں کی مشاورت انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ 27ویں آئینی ترمیم بھی پیپلز پارٹی کی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں۔ حکومت کی خواہش ہے کہ قومی اہمیت کی کسی بھی ترمیم میں اپوزیشن سمیت ہر سیاسی جماعت سے مشاورت کی جائے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں بھی مولانا فضل الرحمان کے ذریعے پی ٹی آئی کو اعتماد میں لیا گیا تھا، تاہم انہوں نے آخر میں ترمیم کے حق میں ووٹ نہیں دیا۔ 26ویں ترمیم کے دوران اپوزیشن کے تحفظات اسپیکر آفس میں دور کیے گئے تھے، اور اب بھی 27ویں ترمیم کے لیے سیاسی جماعتوں کو ساتھ بٹھایا جائے گا۔ طلال چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ قومی بہتری کے لیے آئین میں ترامیم ضروری ہوتی ہیں۔ پارلیمنٹ اگر قانون سازی نہیں کرے گی تو پھر اس کا کردار کیا رہ جائے گا؟