نو منتخب امیر حافظ طاہر مجید کی مرکز تبلیغ اسلام شاہ مکی روڈ میں حلف برداری تقریب
حیدرآباد: جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے نو منتخب امیر حافظ طاہر مجید کی مرکز تبلیغ اسلام شاہ مکی روڈ میں حلف برداری تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سابق رکن قومی اسمبلی وجماعت اسلامی کے مرکزی رہنما اسد اللہ بھٹو ایڈوکیٹ، صوبائی رہنما اورسابق رکن سندھ اسمبلی عبدالوحیدقریشی، سابق امیر ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان، نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے صدر شکیل احمد شیخ ودیگر کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی انجینئرحافظ طاہر مجید اس سے قبل یکم نومبر 2014 ء سے 30 اکتوبر 2020ء تک 6 سال جماعت اسلامی حیدرآباد کے امیر رہے تھے نئے سیشن یکم نومبر 2024 ء تا 30 اکتوبر2026 ء تک کے لیے ارکان جماعت اسلامی حیدرآباد ضلع سے استصواب امیر پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی منظوری کے بعد امیر سندھ کاشف سعید شیخ نے انہیں امیر ضلع حیدرآباد مقرر کیا ہے۔
حلف برداری کی تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے اسداللہ بھٹو نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک منظم جماعت ہے جو اسلام کے عادلانہ ومنصفانہ نظام کے لیے معروض وجود میں آئی اورواحد جماعت ہے جس میں ہر سطح کے امراء واراکین شوریٰ کا باقاعدگی سے انتخاب اور استصواب ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دیانت دار اور باصلاحیت قیادت کی ضرورت ہے جو ملک کو سیاسی ومعاشی اور آئینی بحران سے نکال کر عوام کے مسائل حل کرسکے اور ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال سکے الحمد اللہ حافظ نعیم الرحمن میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ ملک کو استحکام دے سکتے ہیں انہوں نے فلسطین کے مسئلہ پر حکمرانوں کو متوجہ کرکے یکجہتی فلسطین کانفرنس کرائی اس نے مظلوم فلسطینیوں کو حوصلہ دیا ہے فلسطین و کشمیر کا مسئلہ ہمارا مسئلہ ہے ہم اس پر اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
جماعت اسلامی حیدرآباد کے نومنتخب امیر حافظ طاہر مجید نے خطاب کرتے ہوئے کارکنان کو تلقین کی کہ وہ اپنے نصب العین کی سعی کے لیے ہمہ تن مصروف ہوجائیں یونٹ کی سطح پر تنظیم کو مضبوط کریں اور رابطہ عوام کا عمل تیز تر بناتے ہوِئے نئی ممبر سازی مہم پر توجہ دیں، یہ ذمہ داری کوئی معمولی زمہ داری نہیں ہے اور میری اولین ترجیح جماعت اسلامی کی دعوت کو عام کرنا ہے۔ میں اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ پروردگار مجھے استقامت عطاء فرمائے اور اپنے منصبی کاموں کو بخوبی تکمیل کرنے کے ہمت اور مدد عطاء فرمائے۔ سابق ہونے والے امیر عقیل احمد خان نے کہا کہ ہمیں ٹیم اسپرٹ سے کام کرنا ہوگا مجھے خوشی ہے کہ چار سالہ دور ہم نے حیدرآباد جماعت کے بیت المال کو متوازن رکھا اور کسی کے مالی مقروض نہیں ہوئے مجھے یقین ہے کہ جماعت اب مزید مالی طور پر بہت اچھی پوزیشن میں آئے گی بلکہ اس شہر کی قیادت کرکے عوام کو مایوسی کے اندھیروں سے نکالے گی۔
عبدالوحیدقریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی واحد دینی وسیاسی اور جمہوری جماعت ہے جس میں روایت کا تسلسل برقرار ہے ملک کو مستقبل جماعت اسلامی ہی سنوار سکتی ہے عوام اِدھر ادھر بھٹکنے کے بجائے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء نے امیر ضلع حافظ طاہر مجید کو استقامت کی دعائیں دیں۔
0 تبصرے