وزیراعظم محمد شہبازشریف کی زیر صدارت نئی منتخب وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس
وزیراعظم محمد شہبازشریف کی زیر صدارت نئی منتخب وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس
وزیراعظم نے کابینہ شرکاء سے گفتگو میں نئی منتخب حکومت کا روڈ میپ واضح کیا۔ وزیر اعظم کی کابینہ اجلاس میں کی گئی ابتدائی گفتگو آج شب 9 بجکر 25 منٹ پر پی ٹی وی نیوز پر نشر ہو گی
ملک میں اشیائے خورونوش اور روز مرہ کی دیگر اشیاء کی قیمتوں کے کنٹرول کے لئے فی الفور ایک کمیٹی قائم کی جائے : وزیراعظم کی ہدایت
اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی: وزیراعظم
وزارت تجارت کی سفارش پر کیلوں اور پیاز کی برآمد پر 15 اپریل 2024 تک پابندی عائد کرنے کی منظوری
وزیراعظم محمد شہبازشریف کی زیر صدارت نئی منتخب وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
وزیراعظم نے نو منتخب کابینہ اراکین کو مبارکباد پیش کی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے شرکاء سے گفتگو میں نئی منتخب حکومت کا روڈ میپ واضح کیا۔
اجلاس میں لئے گئے فیصلے
وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں ہدایت جاری کہ ملک میں اشیائے خورونوش اور روز مرہ کی دیگر اشیاء کی قیمتوں کے کنٹرول کے لئے فی الفور ایک کمیٹی قائم کی جائے جو کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر اشیائے خورونوش اور روزمرہ کی دیگر اشیاء کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر کیلوں اور پیاز کی برآمد پر 15 اپریل 2024 تک پابندی عائد کرنے کی منظوری دے دی۔ یہ پابندی رمضان المبارک کے مہینے کے دوران کیلوں اور پیاز کی مارکیٹ میں وافر دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے عائد کی گئی ہے۔
وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر نیدرلینڈز کے شہری محمد اورنگزیب کی پاکستانی شہریت دوبارہ حاصل کرنے کی درخواست منظور کرنے کی اجازت دے دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت انسداد منشیات کی سفارش پر میجر جنرل عبدالمعید ہلال امتیاز ملٹری کی بطور ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس تعیناتی کی منظوری دے دی۔
0 تبصرے