پی ٹی آئی کے بانی اور شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں 10،10 سال قید کی سزا
راولپنڈی (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کے بانی اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں 10،10 سال قید بامشقت کی سزا سنادی گئی۔
سماعت کے آغاز پر سابق وزیراعظم اور سابق وزیر خارجہ کو دفعہ 342 کے تحت سوالنامہ دیا گیا جس پر پی ٹی آئی بانی نے عدالت میں دفعہ 342 کے تحت اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔
پی ٹی آئی بانی کا بیان مکمل ہونے کے بعد عدالت نے سوال کیا کہ آپ کا ایک سادہ سا سوال ہے، سائفر کہاں ہے؟ پی ٹی آئی بانی نے جواب دیا کہ میں نے بیان میں بھی یہی کہا ہے کہ مجھے نہیں معلوم، سائفر میرے دفتر میں تھا۔
اس موقع پر جج نے دونوں کا نام لیتے ہوئے کہا کہ میری طرف دیکھو میں تمہیں 10، 10 سال قید کی سزا سنانے جا رہا ہوں۔
فیصلہ سننے کے بعد جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین عدالت سے چلے گئے جب کہ فیصلے کے بعد شاہ محمود قریشی نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ میرا بیان ابھی ریکارڈ نہیں ہوا۔
سابق وزیراعظم اور سابق وزیر خارجہ کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے ملزمان کی موجودگی میں سزا سنائی، عدالت میں مختصر فیصلہ جاری کیا۔
0 تبصرے