لاڑکانہ کے نوابوں سے پنجاب کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی: عظمیٰ بخاری

لاڑکانہ کے نوابوں سے پنجاب کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی: عظمیٰ بخاری

لاہور (ویب ڈیسک) پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کا پیسہ پنجاب ہی کے عوام پر خرچ ہو رہا ہے، لیکن یہ بات پیپلز پارٹی کو قبول نہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب سے اختلاف اور حسد کیوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وسائل سے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں، جس پر ’’لاڑکانہ کے نوابوں‘‘ کو اعتراض ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو نفرت اور تقسیم کی سیاست سے گریز کرنا چاہیے، کیونکہ وہ ایک قومی جماعت کے سربراہ ہیں اور انہیں اپنے عہدے کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔ عظمیٰ بخاری نے سوال کیا کہ سندھ حکومت کے ترجمان اپنی حکومت کی کارکردگی کے بارے میں عوام کو کیوں نہیں بتاتے؟ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کے وسائل کو اٹک سے رحیم یار خان اور راولپنڈی سے وہاڑی تک عوام کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا ہے، جبکہ پنجاب کی ترقی اور خوشحالی پر تنقید کرنے والے تنقید کرتے رہیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اگر پنجاب میں پیپلز پارٹی چوتھے نمبر کی سیاسی جماعت ہے تو اس میں مسلم لیگ (ن) کا کوئی قصور نہیں، کیونکہ پنجاب کے عوام مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔