ممبئی (ویب ڈیسک) بھارت میں تعلیمی نظام میں اصلاحات اور امتحانی پیپر لیک ہونے کے خلاف جاری طلبہ کے احتجاج کی حمایت کرنے والی بالی ووڈ شخصیات کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، سلمان خان اور عالیہ بھٹ سمیت متعدد فنکاروں نے طلبہ کے حق میں آواز بلند کی ہے۔
سلمان خان نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے کہ ملک کے طلبہ بہتر تعلیمی نظام کے لیے متحد ہو گئے ہیں اور ان کے والدین بھی بھرپور طور پر ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرامن تحریک کا پرتشدد رخ اختیار کرنا افسوس ناک ہے، جبکہ زخمی طلبہ اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی ہے۔
عالیہ بھٹ نے انسٹاگرام پر لکھا کہ گزشتہ چند روز کے واقعات دل توڑ دینے والے ہیں، تاہم طلبہ کی ہمت، جذبے اور عزم نے امید پیدا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ نہ صرف اپنے حقوق بلکہ آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے بھی جدوجہد کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ نئی دہلی کے جنتر منتر پر میڈیکل کالجز میں داخلوں اور امتحانی نظام میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج 3 ہفتوں سے جاری ہے۔
20 جولائی کو پارلیمنٹ کی جانب مارچ کے دوران پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور شیلنگ کے بعد احتجاج ملک کے دیگر علاقوں تک بھی پھیل گیا۔
دوسری جانب اس معاملے پر بھارتی فلم انڈسٹری (بالی ووڈ) منقسم نظر آ رہی ہے۔ نصیرالدین شاہ، پرکاش راج، شبانہ اعظمی، سوارا بھاسکر، سونو سود، سوناکشی سنہا، رتیش اور جینیلیا دیشمکھ سمیت متعدد فنکاروں نے طلبہ کی حمایت کی ہے، جبکہ کنگنا رناوت، انوپم کھیر اور پریتی زنٹا کو حکومت کی حمایت یا محتاط مؤقف اختیار کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔
ادھر وزیراعظم نریندر مودی نے پیپر لیک میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
0 تبصرے