ببرلوءِ : پریا کماری اور دیگر مغوی بچوں کی بازیابی کے لیے ببرلوءِ میں قائم احتجاجی کیمپ پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کیمپ ختم کرا دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کارروائی کے دوران پریا ایکشن کمیٹی کی رہنما سہنی پارس، صحافی ساحل جوگی، دیگر کارکنوں اور مغوی بچوں کے والدین کو گرفتار کر لیا گیا۔
واضح رہے کہ مظاہرین نے پریا کماری اور دیگر مغوی بچوں کی بازیابی کے لیے قومی شاہراہ بند کرکے دھرنا دیا تھا، جس پر پولیس نے دھرنا ختم کرانے کے لیے لاٹھی چارج کیا اور متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔
پريا ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت پریا کماری سمیت دیگر مغوی بچوں کی بازیابی کے معاملے میں سنجیدہ نظر نہیں آتی، جبکہ پرامن احتجاج کرنے والوں کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
ایکشن کمیٹی نے الزام عائد کیا کہ سندھ پولیس کی توجہ جرائم پیشہ افراد کے بجائے عوامی احتجاج اور مزاحمتی تحریکوں کو روکنے پر ہے، جبکہ مغوی بچے بازیاب نہیں ہو رہے، قاتل گرفتار نہیں کیے جا رہے اور منشیات فروش بھی قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔
رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ پریا ایکشن کمیٹی کے گرفتار رہنماؤں اور مغوی بچوں کے والدین کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
0 تبصرے