کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی ٹولز، ڈائیز اینڈ مولڈ سینٹر (کے ٹی ڈی ایم سی) نے 23ویں انٹرنیشنل ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل فیئر (آئی ٹی آئی ایف ایشیا 2026) کراچی ایکسپو سینٹر میں شرکت کرتے ہوئے ڈائز، مولڈز اور جدید ٹولنگ مینوفیکچرنگ کے شعبے میں اپنی صنعتی صلاحیتوں، انجینئرنگ مہارت اور جدید سہولیات کو بھرپور انداز میں پیش کیا۔ملکی و غیر ملکی صنعتکاروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات نے کے ٹی ڈی ایم سی کے اسٹال کا دورہ کیا اور ادارے کی جدید انجینئرنگ سہولیات، صنعتی خدمات اور مقامی صنعت کے فروغ میں کردار کو سراہا اور گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ۔کے ٹی ڈی ایم سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر منصور احمد نے اس موقع پر کہا کہ ادارہ ملک میں ڈائز اینڈ مولڈز انڈسٹری کے فروغ، ہنر مند افرادی قوت کی تیاری اور جدید صنعتی تقاضوں سے ہم آہنگ انجینئرنگ سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی ڈی ایم سی بین الاقوامی معیار کے مطابق صنعتی مصنوعات تیار کرکے مقامی صنعت کو مضبوط بنانے، درآمدی انحصار میں کمی لانے اور درآمدی متبادل مصنوعات کے فروغ کے ذریعے قومی معیشت کے استحکام کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ادارے کا مقصد صنعتی شعبے کو جدید ٹیکنالوجی اور معیاری انجینئرنگ سہولیات فراہم کرکے پاکستان کو صنعتی خودکفالت کی جانب گامزن کرنا ہے تاکہ مقامی پیداوار میں اضافہ ہو اور ملکی معیشت مزید مستحکم ہو سکے۔ ITIF Asia 2026 میں شرکت کے ذریعے کے ٹی ڈی ایم سی نے نہ صرف اپنی تکنیکی مہارت کو اجاگر کیا بلکہ قومی صنعتی ترقی کے عزم کا بھی عملی اظہار کیا۔نمائش میں ادارے کی جانب سے ہائی اور لوپریشر ڈائی کاسٹنگ مولڈز، پ گریویٹی ڈائی کاسٹنگ مولڈز ،شیٹ میٹل ڈائز ،بلو مولڈز پلاسٹک ،انجیکشن مولڈز اور دیگر جدید انجینئرنگ سلوشنز متعارف کرائے گئے، جنہیں شرکاء اور صنعتی ماہرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔
0 تبصرے