فی لیٹر پٹرول پر 100 روپے رعایت، وزیراعظم نے نئی اسکیم کا اعلان کردیا

فی لیٹر پٹرول پر 100 روپے رعایت، وزیراعظم نے نئی اسکیم کا اعلان کردیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے فی لیٹر پٹرول پر 100 روپے رعایت دینے والی خصوصی اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام پر پڑنے والے بوجھ کا انہیں مکمل احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکل، رکشہ، چنگ چی اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے خصوصی رعایتی اسکیم شروع کر رہے ہیں۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ موٹرسائیکل، رکشہ، چنگ چی اور 800 سی سی تک گاڑیوں والوں کو فی لیٹر پٹرول پر 100 روپے رعایت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 800 سی سی تک گاڑیوں کے مالکان کو ہر ماہ 30 لیٹر پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے رعایت دی جائے گی۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی حدود میں پٹرول پر رعایت آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سے نافذ کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان، جس میں کشمیر اور گلگت بلتستان بھی شامل ہیں، وہاں رعایت بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے نافذ ہوگی۔ شہباز شریف نے کہا کہ خصوصی رعایتی اسکیم کے لیے رجسٹریشن آج سے شروع کردی گئی ہے، جبکہ رعایت حاصل کرنے کا طریقہ کار آگاہی مہم کے ذریعے عوام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے لیے رجسٹریشن کے سلسلے میں موٹرسائیکلوں، رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں سے متعلق معلومات فراہم کرنے پر صوبوں کے شکر گزار ہیں۔