نوجوانوں میں تیزی سے بڑھتے ہوئے امراض ، شوگر، بلڈ پریشر، عارضہ قلب کے مسائل بڑھ رہے ہیں، مسعود الرحمن کیانی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)آرمڈ فورسزکا ذیلی ادارہ پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ)سندھ کے سفیر محمد اسلم خان نے النمرہ کالج آف نرسنگ ہیلتھ اینڈ سائنس کے آڈیٹوریم میں” نوجوانوں میں بڑھتے ہوئے امراض “کے موضوع پر مبنی سیمینار کاانعقاد کیا ، جس میں (پناہ) کے صدر جنرل (ر)مسعود الرحمن کیانی اور جنرل سیکریٹری ثناءاللہ گھمن نے خطاب کیا، جبکہ محمد اسلم خان، مدثر مصطفی، پروفیسر نعیم الدین، پروفیسر مطیع الرحمن نے امراض قلب و دیگر بیماریوں پر فکر انگیز گفتگو کی، اس موقع پر نرسنگ کالج کے طالبات کو سی پی آر ٹرینگ بھی دی گئی، پناہ سندھ کے ایمبیسیڈر اور بانی النمرہ نرسنگ کالج محمد اسلم خان کا کہنا تھا کہ ایک صحت مند دل آپ کے جسم کے صحیح طریقے سے کام کرتے رہنے کے لیے انتہائی اہم ہے، امراضِ قلب (سی وی ڈی) دنیا میں موت کی سب سے عام وجہ ہے، عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہر سال دنیا بھر میں لاکھوں افراد دل کی بیماری کی وجہ سے مر جاتے ہیں، سی وی ڈی کی وجہ سے ہونے والی ہر پانچ میں سے چار اموات کا سبب ہارٹ اٹیک اور اسٹروک ہوتا ہے، کسی بھی شخص کا صحت مند دل آرام کرتے وقت 60 سے 100 مرتبہ دھڑکنا چاہیے۔ ماہرینِ امراضِ قلب کا ماننا ہے کہ اس رفتار کو حاصل کرنے کے لیے ہم روزانہ کام کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ آرمڈ فورسزکا ذیلی ادارہ پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) انسانیت کی خدمت پریقین رکھتا ہے اور اس سے منسلک لوگ اپنے اپنے حصے کا کام سر انجام دے رہے ہیں۔ جنرل (ر)مسعود الرحمن کیانی نے کہا کہ نوجوانوں میں تیزی سے بڑھتے ہوئے امراض ، شوگر، بلڈ پریشر، عارضہ قلب کے مسائل بڑھ رہے ہیں ، اس کی روک تھام کے لیے سب کو مل کر اقدامات کرنے ہونگے ، صحت مند رہنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر ورزش کرنا اور کھانے پینے میں تلی ہوئی بازار کی اشیاء سے پرہیز رکھنے کی ضرورت ہے اس کےساتھ ساتھ چینی اور نمک کے استعمال میں احتیاط کی جائے ، اس وقت دل کے امراض بچوں، نوجوان اور عمر رسیدہ افراد میں بڑھتاہوا نظر آرہاہے اس حوالے سے عوام کو آگاہی دینے کی اشد ضرورت ہے اس ضمن میں (پناہ) اپنے حصے کا کام بخوبی انجام دے رہاہے ، اس موقع پر جنرل سیکریٹری ثناءاللہ گھمن کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کے ہر ملک میں ہارٹ ایسوسی ایشن کا ادارہ قائم ہے اور پاکستان میں پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) قائم ہے جس کے پیٹرن ان چیف صدر مملکت آصف علی زرداری ہیں یہ ادارہ دل کے امراض میں مبتلا افراد کے علاج معالجہ کے حوالے دل کے آپریشنز انجیوگرافی ، انجیو پلاسٹی ، اوپن ہارٹ سرجری کاکام سالوں سے سرانجام دیتا آرہا ہے اس کےساتھ ساتھ پیدائشی بچوں کے دل کے سوراخ کے علاج کے لیے عوام کو سہولت فراہم کررہا ہے، اس ادارے کے توسط سے ہرماہ آگاہی مہم ، فری میڈیکل کیمپ CPR ٹرینگ کا انعقاد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سیمینار کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر نمرہ فاروق نے سر انجام دیئے اور شرکاء سے اظہار تشکر کیا
0 تبصرے