کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صوبائی صدر بشیر میمن نے محنت کشوں کے عالمی دن پر مسلم لیگ (نون) ہاؤس کارساز میں لیبر ونگ کے تحت پروگرام سے اپنے خطاب میں کہا کہ مزدوروں کا عالمی دن دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی محنت کش طبقے کی عظیم قربانیوں اور جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے یہ دن ہمیں اس تاریخی تحریک کی یاد دلاتا ہے جب مزدوروں نے اپنے حقوق، بہتر اوقاتِ کار اور مناسب اجرت کے لیے آواز بلند کی۔بشیر میمن نے کہا کہ مزدور کسی بھی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں وہ اپنی محنت اور لگن سے نہ صرف معیشت کا پہیہ چلاتے ہیں بلکہ ترقی کی بنیاد بھی رکھتے ہیں۔ فیکٹریوں، کھیتوں، تعمیراتی مقامات اور دیگر شعبوں میں کام کرنے والے یہی افراد ہیں جو اپنے پسینے سے قوموں کی تقدیر سنوارتے ہیں تاہم بدقسمتی سے آج بھی مزدور بنیادی حقوق، مناسب تنخواہ اور محفوظ ماحول سے محروم ہے انہوں نے کہا کہ یومِ مئی ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ صرف حکومت کی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے ہمیں چاہیے کہ ہم ان کی عزت کریں ان کے مسائل کو سمجھیں اور ان کے لیے بہتر حالات فراہم کرنے کی کوشش کریں لیبرونگ سندھ کے صدر رحیم اعوان نے کہا کہ اگر مزدور خوشحال ہو گا تو ملک ترقی کرے گا یومِ مئی پر ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم محنت کشوں کے حقوق کے لیے آواز بلند اور ایک منصفانہ، خوشحال معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر ضلعی صدور میں فیروز خان،سید نثار شاہ، اسلم خٹک ایڈوکیٹ، سید شاہ محمد سلیم اشرفی کے علاوہ حاجی طیب زر، ملک تاج، قاضی زاہد، اسد عثمانی، رحیم اعوان، ممتاز سندھو، زبیربٹ، محبوب الٰہی، ارشد شاہ، غلام مرتضیٰ جیلانی، مشتاق ابڑو، شیخ غلام باری، امجد آصف ایڈوکیٹ پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کرتے ہوئے شگا گو کے محنت کشوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
0 تبصرے