اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں فریقین سے صبر و تحمل اور جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ خطے میں حالیہ کشیدگی تشویشناک ہے اور پاکستان سمجھتا ہے کہ دشمنی پر مبنی اقدامات سے گریز کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سفارتکاری اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کے مؤقف پر قائم ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ سطحی رابطے جاری ہیں، وزیر داخلہ نے تہران کا دورہ کیا، جبکہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے 28 مئی کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور ایران کے عباس عراقچی سمیت خطے کے دیگر وزرائے خارجہ سے رابطے کرکے صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
طاہر اندرابی نے مزید کہا کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان امریکی کوششوں سے ہونے والی جنگ بندی ایک مثبت پیش رفت ہے۔
آزاد کشمیر کے حوالے سے بھارت کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ بھارت ایسے بیانات مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے دیتا ہے۔
بھارتی وزیر کی جانب سے پاکستان کو پانی کی فراہمی روکنے کے بیان پر ترجمان نے سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات جنوبی ایشیا کے امن کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں اور اگر صورتحال خراب ہوئی تو اس کی ذمہ داری بھارت پر ہوگی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ صومالی سمندری قزاقوں کی قید میں موجود پاکستانیوں کی رہائی کے لیے کوششیں جاری ہیں اور اسحاق ڈار نے اس معاملے پر صومالی وزیر خارجہ سے بھی رابطہ کیا ہے۔
0 تبصرے