حیدرآباد مین لاپتہ جوڑے کے معاملے میں نیا موڑ، نوجوان کے اہلِ خانہ کا اغوا کیس کو جائیداد پر قبضے کی سازش قرار

حیدرآباد مین لاپتہ جوڑے کے معاملے میں نیا موڑ، نوجوان کے اہلِ خانہ کا اغوا کیس کو جائیداد پر قبضے کی سازش قرار

حیدرآباد (بیورو رپورٹ ) حیدرآباد میں لاپتہ ہونے والے نوجوان اور لڑکی کے معاملے نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ نوجوان اسد شاہ کے اہلِ خانہ نے لڑکی حنا برہمانی کے ورثا اور ایک خواجہ سرا پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے گھر پر قبضے کے لیے اغوا کا مقدمہ درج کروایا ہے۔ ٹنڈو یوسف تھانے کی حدود گلشن خیر محمد کے علاقے سے 19 سالہ سید اسد شاہ اور 18 سالہ حنا برہمانی گیارہ روز قبل پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئے تھے، تاہم پولیس تاحال دونوں کا سراغ لگانے میں ناکام ہے۔ واقعے کے بعد حنا برہمانی کے ورثا نے مکان مالک سید کمال شاہ، ان کے بیٹے اسد شاہ اور دو بیٹیوں کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کروایا، جبکہ پولیس نے اسد شاہ کے والد کو گرفتار کرکے ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔ اسد شاہ کی گمشدگی اور شوہر کی گرفتاری کے بعد دل اور شوگر کے مرض میں مبتلا ان کی والدہ کی طبیعت بھی شدید پریشانی کے باعث خراب ہو گئی۔ اسد شاہ کے اہلِ خانہ نے اغوا کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسد یکم جون سے لاپتہ ہے اور وہ خود بھی اس کی گمشدگی پر پریشان ہیں۔ ان کے مطابق حنا کے اہلِ خانہ ان کے کرایہ دار ہیں اور ان کے ساتھ عیان نامی ایک خواجہ سرا بھی رہتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حنا کی والدہ شبانہ، والد معشوق برہمانی اور دیگر اہلِ خانہ نے عیان کے ساتھ مل کر منصوبہ بندی کے تحت اغوا کا مقدمہ درج کروایا تاکہ ان کی جائیداد پر قبضہ کیا جا سکے۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ خواجہ سرا عیان اپنے اثر و رسوخ کے ذریعے پولیس پر دباؤ ڈال رہا ہے تاکہ ان کے خلاف غیر قانونی کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سید خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور سڑکوں پر احتجاج نہیں کر سکتے۔ اسد شاہ کے ورثا نے مطالبہ کیا کہ نوجوان کو بازیاب کرایا جائے، اور اگر وہ اغوا میں ملوث ثابت ہو تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، تاہم پورے خاندان کو مبینہ طور پر جھوٹے مقدمے میں ملوث کرنا ناانصافی ہے۔ انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ عیان اور حنا کے اہلِ خانہ اب ان سے جائیداد اپنے نام منتقل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اغوا کیس محض ایک ڈرامہ ہے۔ متاثرہ خاندان نے ڈی آئی جی حیدرآباد اور ایس ایس پی حیدرآباد سے معاملے کی شفاف تحقیقات کروا کر انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب ایس ایچ او ٹنڈو یوسف انور خانزادہ نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ بھرپور تلاش کے باوجود اسد شاہ اور حنا برہمانی کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ اسد شاہ کے والد پولیس ریمانڈ پر ہیں اور ان سے تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی کوشش ہے کہ جلد دونوں افراد کو بازیاب کر کے حقیقت سامنے لائی جائے