کراچی: میٹا نے فیس بک، واٹس ایپ اور میسنجر میں اسکم ڈیٹیکشن ٹولز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق ان نئے فیچرز کا مقصد صارفین کو مشکوک سرگرمیوں کے بارے میں فوری الرٹ فراہم کرنا ہے تاکہ وہ آن لائن فراڈ سے محفوظ رہ سکیں۔
میٹا فیس بک میں ایسے فیچر کی آزمائش کر رہی ہے جو صارفین کو مشکوک فرینڈ ریکویسٹ کے بارے میں خبردار کرے گا۔ جب کسی اکاؤنٹ کی طرف سے فرینڈ ریکویسٹ موصول یا ارسال کی جائے گی تو سسٹم ممکنہ مشکوک علامات، جیسے مشترکہ دوستوں کی عدم موجودگی یا پروفائل پر اصل مقام کی بجائے کسی دوسرے ملک کا نام درج ہونا، کے بارے میں اطلاع دے گا۔ صارف الرٹ دیکھ کر فیصلہ کر سکیں گے کہ ریکویسٹ قبول کرنی ہے یا مسترد۔
واٹس ایپ میں میٹا “ڈیوائس لنکنگ وارننگ” کے نام سے نیا فیچر متعارف کرا رہی ہے، جس کا مقصد اسکیمرز کو صارفین کے اکاؤنٹس لنک کرنے سے روکنا ہے۔ اگر کوئی لنکنگ ریکویسٹ مشکوک ہو تو واٹس ایپ صارف کو فوری اطلاع دے گا اور بتائے گا کہ درخواست کہاں سے بھیجی گئی ہے، تاکہ صارف محتاط رہ سکے۔
اسی طرح میسنجر میں “ایڈوانسڈ اسکم ڈیٹیکشن” فیچر کو مزید ممالک میں متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس فیچر کے تحت جب صارف کسی نئے رابطے کے ساتھ چیٹ شروع کرے گا تو ممکنہ مشکوک رویے کی بنیاد پر اسے خبردار کیا جائے گا۔
0 تبصرے