واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بحری بیڑا مکمل طاقت، جوش اور واضح مقصد کے ساتھ ایران کی جانب بڑھ رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایک بڑا بحری بیڑا ایران کی طرف پیش قدمی کر رہا ہے، جو وینزویلا بھیجے گئے بیڑے سے بھی بڑا ہے، اور اس کی قیادت عظیم بحری جہاز ابراہم لنکن کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وینزویلا کی طرح یہ بحری بیڑا بھی ضرورت پڑنے پر طاقت اور تشدد کے ساتھ اپنا مشن فوری طور پر مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران جلد از جلد مذاکرات کی میز پر آئے گا اور ایک منصفانہ اور برابری پر مبنی معاہدے پر بات چیت کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی جوہری ہتھیار نہ ہوں، ایسا معاہدہ ہو جو تمام فریقوں کے لیے بہتر ثابت ہو۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے اور معاملہ واقعی انتہائی اہم ہے۔ میں نے ایران کو پہلے بھی کہا تھا کہ معاہدہ کر لو، مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا، جس کے بعد آپریشن مڈنائٹ ہیمر ہوا اور ایران کو بھاری تباہی کا سامنا کرنا پڑا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو معاہدہ نہ کرنے کی صورت میں بدترین حملے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ حملہ اس سے بھی زیادہ شدید ہوگا، اسے دوبارہ ہونے نہ دیا جائے۔
0 تبصرے