کوئی کسی کو مائنس نہیں کر سکتا، آپس کی لڑائی نقصان دہ ہے، ملک بچانے کے لیے اتحاد کرنا ہوگا: خواجہ سعد رفیق

فیصلے کہیں اور ہوتے ہیں مگر الزام پنجاب پر آتا ہے۔ صوبوں کے درمیان اس سطح کی نفرت پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئی، جو تشویشناک ہے

کوئی کسی کو مائنس نہیں کر سکتا، آپس کی لڑائی نقصان دہ ہے، ملک بچانے کے لیے اتحاد کرنا ہوگا: خواجہ سعد رفیق

لاہور (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک کو بچانے کے لیے اتحاد کا راستہ اختیار کرنا ہوگا اور سب کو مل کر کھڑا ہونا پڑے گا۔ آپس کی لڑائی نقصان دہ ہے، کوئی کسی کو مائنس نہیں کر سکتا، سیاسی جماعتیں ایک حقیقت ہیں۔ لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان اس وقت شدید سیاسی انتشار اور نفرت کا شکار ہے، جس سے توانائی ضائع ہو رہی ہے، جبکہ ملک کو اتحاد اور یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیان مرصوص میں کامیابی کے نتیجے میں پاکستان کا عالمی وقار بلند ہوا اور فوجی جوانوں اور افسران نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑے دشمن کو شکست دی۔ ایٹمی دھماکوں کے بعد یہ پاکستان کی تاریخ کا دوسرا موقع ہے جب پاکستانی سر فخر سے بلند کر کے چل سکتے ہیں، اور یہ سب وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنی سیاست داؤ پر لگا کر ریاست کو بچانے کا فیصلہ کیا، جس کے نتیجے میں پاکستان ایک بڑے بحران سے نکلنے میں کامیاب ہوا۔ پنجاب حکومت تاریخی کام کر رہی ہے، اس کے باوجود پنجاب کو مسلسل تنقید اور نفرت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ فیصلے کہیں اور ہوتے ہیں مگر الزام پنجاب پر آتا ہے۔ صوبوں کے درمیان اس سطح کی نفرت پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئی، جو تشویشناک ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان کے مسائل ابھی ختم نہیں ہوئے، غربت، بھوک، معاشی بدحالی، دہشت گردی اور علاقائی خطرات اب بھی موجود ہیں۔ معیشت مکمل طور پر مستحکم نہیں ہو سکی، ملک عالمی سطح پر معاشی طاقت نہیں بن سکا۔ ایسی صورتحال میں آپس کی لڑائی ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔