ٹرمپ چند دنوں میں ایرانی سپریم لیڈر کو نشانہ بنا سکتے ہیں: سابق امریکی سفیر کا دعویٰ

ٹرمپ چند دنوں میں ایرانی سپریم لیڈر کو نشانہ بنا سکتے ہیں: سابق امریکی سفیر کا دعویٰ

تل ابیب (ویب ڈیسک): اسرائیل میں تعینات رہنے والے سابق امریکی سفیر نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ ایرانی سپریم لیڈر کو قتل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ ڈین شپيرو، جو باراک اوباما کے صدارتی دور میں اسرائیل میں امریکہ کے سفیر رہ چکے ہیں، نے یہ دعویٰ کیا ہے۔ اسرائیلی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک انٹرویو میں سابق امریکی سفیر نے کہا کہ صدر ٹرمپ چند دنوں کے اندر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو قتل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای اس وقت 86 برس کے ہو چکے ہیں اور بیمار بھی ہیں، اس لیے ایران کو اس مرحلے پر نئی قیادت کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں سابق امریکی سفیر نے کہا کہ جلد ہی امریکہ کا ایک بڑا بحری بیڑا مشرقِ وسطیٰ میں موجود ہوگا، جو نہ صرف ایران پر حملے کو آسان بنائے گا بلکہ ایران کی جانب سے کسی ممکنہ جواب کی صورت میں دفاعی تیاریوں میں بھی مدد فراہم کرے گا۔