مظفر گڑھ، پاکستان – ماہِ صیام 2026 کے دوران مستحق خاندانوں کی مدد کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے، شاہ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (KSrelief) نے پاکستان بیت المال (PBM) اور حیات فاؤنڈیشن کے تعاون سے جنوبی پنجاب میں خصوصی فوڈ باسکٹس کی تقسیم کا آغاز کر دیا ہے۔
مظفر گڑھ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران 300 مستحق خاندانوں میں فوڈ کٹس تقسیم کی گئیں۔ تقریباً 97 کلوگرام وزنی اس جامع فوڈ پیکج میں ضروری اشیاء خوردونوش شامل ہیں، جن کی تفصیل درج ذیل ہے:
* 80 کلوگرام آٹا
* 5 کلوگرام کوکنگ آئل
* 5 کلوگرام چنا دال
* 5 کلوگرام چینی
* 2 کلوگرام کھجوریں
تقسیم کے اس عمل کی نگرانی منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال، سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ اور حیات فاؤنڈیشن کے کنٹری ہیڈ/فوکل پرسن جناب خالد رحیم کر رہے ہیں۔ یہ اقدام سعودی عرب اور پاکستان کے گہرے انسانی ہمدردی کے تعلقات اور سینیٹر شاہین خالد بٹ کی قیادت میں پاکستان بیت المال کی آپریشنل کارکردگی پر KSrelief کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔
مظفر گڑھ میں شفافیت اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے اس عمل کی براہِ راست نگرانی ڈائریکٹر پاکستان بیت المال جنوبی پنجاب، رانا محمد رمضان طاہر نے کی۔ مقامی سطح پر انتظامات کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال مظفر گڑھ، سید کاشف سلیم اور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر حیات۔فاونڈیشن۔ملک ضمیر نے نہایت احسن طریقے سے سرانجام دیا، تاکہ امداد حقداروں تک منظم انداز میں پہنچ سکے۔
مستحقین کا اظہارِ تشکر
مظفر گڑھ کے مستحقین نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی قیادت کی جانب سے اس غیر متزلزل تعاون پر گہرے شکریہ کا اظہار کیا۔ کئی متاثرین کا کہنا تھا کہ یہ فوڈ کٹس ان کے لیے ایک اہم سہارا ثابت ہوں گی، جس سے وہ غذائی قلت کی فکر کے بغیر عزت کے ساتھ سحر و افطار کر سکیں گے۔
> "ہم شاہ سلمان اور ایم ڈی پاکستان بیت المال سینیٹر شاہین خالد بٹ کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ اس مدد کی بدولت اس رمضان میں ہمارے بچے بھوکے نہیں رہیں گے،" ایک مستحق شہری نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا۔
>
رمضان فوڈ سیکیورٹی سپورٹ کا یہ منصوبہ مملکتِ سعودی عرب اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس کا مقصد معاشرے کے سب سے کمزور طبقات کی مشکلات کو کم کرنا ہے۔
0 تبصرے