پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاق سے صوبوں کو مزید اختیارات اور ذمہ داریاں منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
جناح اسپتال کراچی کے نئے بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاق کو چاہیے کہ صوبوں پر اعتماد کرے اور انہیں مزید ذمہ داریاں سونپے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سروسز پر سیلز ٹیکس کی وصولی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور وفاق کی مالی مشکلات میں مدد کرنا چاہتی ہے۔
بلاول بھٹو نے این آئی سی وی ڈی کو صوبائی خود مختاری کی کامیاب مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ دنیا کا سب سے بڑا دل کے علاج کا نیٹ ورک بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور کراچی کی مخیر کمیونٹی کے تعاون سے یہ ممکن ہوا۔
پیپلز پارٹی چیئرمین نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد محکمہ صحت صوبوں کے پاس آیا اور سندھ نے ثابت کیا کہ وہ وفاق سے بہتر طریقے سے اسے چلا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت وفاق کے لیے ٹیکس کلیکشن میں بھی کردار ادا کرنے کو تیار ہے، حتیٰ کہ اگر ایف بی آر کا ہدف پورا نہ ہو تو صوبہ اپنی رقم سے کمی پوری کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔
بلاول نے کہا کہ سابق وزیراعظم خود وفاق کے دیوالیہ ہونے کے دعوے کرتے تھے، لیکن پیپلز پارٹی نے سندھ میں عوام کو مفت اور معیاری علاج فراہم کرکے ثابت کیا کہ مضبوط نظام کیسے بنایا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ این آئی سی وی ڈی کے مراکز سکھر، حیدرآباد، مٹھی، سیہون اور شہید بے نظیر آباد سمیت مختلف شہروں میں موجود ہیں اور کورونا کے دوران صوبے نے مؤثر کارکردگی کا مظاہرہ بھی کیا۔
0 تبصرے