سنی دیول اپنے والد دھرمیندر کی آخری رسومات فلمانے پر شدید غصے میں آگئے اور پاپارازی فوٹوگرافر کا کیمرہ چھین کر پوچھا کہ "کتنے پیسے چاہئیں؟"
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ سنی دیول ایک فوٹوگرافر پر غصے میں برس پڑے، جو دھرمیندر کی چتا کی راکھ کو پانی کے حوالے کرنے کی رسم کے دوران خاندان کی نجی فضا میں دخل اندازی کر رہا تھا۔
وائرل کلپ میں سنی دیول کو فوٹوگرافر کے قریب جاتے، اس کا کیمرہ پکڑتے اور سخت الفاظ میں تنبیہ کرتے دیکھا گیا۔ اداکار نے افسوسناک لمحے میں تصاویر لینے کی کوشش پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا، "تمہیں کتنے پیسے چاہئیں؟"
مداحوں نے بھی سنی دیول کے ردِعمل کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں خاندان کی پرائیویسی کا خیال رکھنا چاہیے۔
یہ پہلا واقعہ نہیں جب سنی دیول نے فوٹوگرافرز کے رویے پر ناراضی ظاہر کی ہو۔ اس سے قبل بھی دھرمیندر کو اسپتال سے گھر لاتے وقت فوٹوگرافرز مسلسل نگرانی کرتے رہے، جس پر سنی دیول نے سخت الفاظ میں انہیں شرم دلائی تھی۔
رپورٹس کے مطابق فوٹوگرافرز کئی دنوں سے اسپتال اور گھر کے باہر موجود تھے تاکہ کوئی تصویر حاصل کی جا سکے۔
واضح رہے کہ دھرمیندر گزشتہ ماہ 24 نومبر کو 89 برس کی عمر میں ممبئی میں انتقال کر گئے تھے۔
0 تبصرے