وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبے میں کسی اور راج کی ضرورت نہیں، اگر ہمت ہے تو گورنر راج لگا کر دیکھیں، ہم نہیں ڈرتے۔
پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ بند کمروں میں بننے والی پالیسیاں خیبر پختونخوا پر مسلط نہیں کی جا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کے ذمے صوبے کے 3 ہزار ارب روپے سے زائد رقوم واجب الادا ہیں اور صوبے کے ساتھ مسلسل امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ضم شدہ اضلاع میں خصوصی افراد کے لیے بسوں کا انتظام کیا جا رہا ہے، جبکہ صوبائی حکومت بسیں اور ویل چیئرز بھی فراہم کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یتیم بچوں کے لیے احساس امید کارڈ کے تحت ماہانہ 5 ہزار روپے کی مدد دی جا رہی ہے اور 18 سال تک کے یتیم بچوں کے لیے مزید سہولیات پر بھی کام جاری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر گورنر راج لگانا ہے تو آج ہی لگا دیں، صوبائی حکومت کسی دباؤ سے نہیں ڈرتی۔
مزید کہا کہ جو لوگ ملک سے باہر بیٹھ کر بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہے ہیں، انہیں بھی جلد جواب دینا ہوگا۔
0 تبصرے