اسلام آباد کو سیل کرنے کا فیصلہ، موبائل نیٹ ورک بند کرنے پر غور

اسلام آباد کو سیل کرنے کا فیصلہ، موبائل نیٹ ورک بند کرنے پر غور

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان کی مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی جانب سے "لبیک یا اقصیٰ ملین مارچ" کے عنوان سے 10 اکتوبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتجاج کی کال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے شہر کے داخلی راستے بند کرنے کی تیاری کر لی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے ایک اہلکار کے مطابق، وفاقی پولیس اور انتظامیہ نے مظاہرین سے نمٹنے کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں اور شہر کے تمام داخلی راستوں کو بند کرنے کے لیے کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق، ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور صرف متعلقہ افراد کے لیے مارگلہ روڈ کھلا رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ، فیض آباد ڈبل روڈ، ترنول اور گولڑہ موڑ کے علاقوں میں سڑک کے دونوں اطراف کنٹینرز رکھ دیے گئے ہیں۔ دوسری جانب، پولیس نے ٹی ایل پی کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے اہلکار کے مطابق، متعدد کارکنوں کو حراست میں لے کر مختلف تھانوں اور سی آئی اے سینٹر میں بند کر دیا گیا ہے۔