کراچی (ویب ڈیسک) – ماضی کے مشہور اداکار ارباز خان نے دعویٰ کیا ہے کہ لالی ووڈ فلم انڈسٹری کے زوال کی ایک بڑی وجہ اداکار شان شاہد کا غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔
”نیکسٹ میڈیا نیٹ ورک“ کو دیے گئے تازہ انٹرویو میں ارباز خان نے اپنے فنی سفر، موجودہ فلمی صورتحال اور ذاتی زندگی کے حوالے سے کھل کر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے فلمی کیریئر کی شروعات ہدایتکار سید نور کی فلم ”گھونگھٹ“ سے ہوئی، جو لالی ووڈ کے سنہری دور کی نمائندہ تھی، جب لوگ سنیما کے دیوانے ہوا کرتے تھے۔
موجودہ دور پر بات کرتے ہوئے ارباز خان نے کہا کہ اب ٹک ٹاک اور سوشل میڈیا کی عام دستیابی کے بعد فلم دیکھنے کا رجحان اور جوش ختم ہو چکا ہے، اور ناظرین کا شوق بھی پہلے جیسا نہیں رہا۔
ذاتی زندگی کے سوال پر ارباز نے کہا کہ وہ اپنی نجی باتیں سوشل میڈیا پر لانے سے گریز کرتے ہیں کیونکہ کچھ چیزیں صرف خود تک محدود رکھنی چاہییں۔
ایک سوال کے جواب میں ارباز نے تسلیم کیا کہ انہیں اپنے والد، مشہور اداکار آصف خان کا بیٹا ہونے کا فائدہ ضرور ملا۔ نہ انہیں آڈیشنز کے لیے دھکے کھانے پڑے اور نہ ہی فلم حاصل کرنے میں دشواری ہوئی۔ ان کی پہلی فلم ہی سپر ہٹ رہی۔
ارباز نے بتایا کہ فلم کی کامیابی پر ان کے والد نے کہا تھا: "اس کامیابی میں میرا ہاتھ ضرور ہے، لیکن اب جو بھی کامیابی ملے گی وہ تمہاری اپنی محنت کا نتیجہ ہوگی۔"شان شاہد کے بارے میں بات کرتے ہوئے ارباز خان نے الزام لگایا کہ شان کے غیر وقت پر آنے اور غیر سنجیدہ رویے کی وجہ سے فلم انڈسٹری کو نقصان ہوا۔ "ایک وقت تھا جب لوگ شان کو دیکھنے کے لیے سنیما گھروں کا رخ کرتے تھے، لیکن پھر وقت بدل گیا۔"
انہوں نے مزید کہا، "شان اکثر سیٹ پر دیر سے پہنچتا تھا، کبھی کبھار تو شوٹنگ ختم ہونے سے صرف تین گھنٹے پہلے آتا، جس کی وجہ سے ہدایتکار اور پروڈیوسر کام جلدی ختم کرنے پر مجبور ہو جاتے، نتیجے میں فلموں کا معیار گر گیا اور اچھی فلمیں بننا بند ہو گئیں۔"
0 تبصرے