صدر آصف زرداری نے بچوں کی شادی پر پابندی کے بل پر دستخط کر دیے

صدر آصف زرداری نے بچوں کی شادی پر پابندی کے بل پر دستخط کر دیے

اسلام آباد (ویب ڈیسک) – صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے بچوں کی شادی پر پابندی سے متعلق بل پر دستخط کر دیے، جس کے بعد یہ باقاعدہ قانون بن گیا ہے۔ یہ بل قومی اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی جبکہ سینیٹ میں سینیٹر شیری رحمان نے پیش کیا تھا۔ قانون کے مطابق، کوئی نکاح خواں ایسے جوڑے کا نکاح نہیں پڑھا سکے گا جن میں دلہا یا دلہن کی عمر 18 سال سے کم ہو۔ اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والے نکاح خواں کو ایک سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی جائے گی۔ قانون میں یہ بھی درج ہے کہ اگر کوئی بالغ مرد کسی نابالغ لڑکی سے شادی کرتا ہے تو اسے تین سال تک سخت محنت والی قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔ اسی طرح اگر والدین اپنے نابالغ بچوں کی شادی کرواتے ہیں یا اس کو روکنے میں ناکام رہتے ہیں تو انہیں بھی تین سال قید اور جرمانہ ہو سکتا ہے۔ بل کے مطابق، اگر عدالت کو اطلاع ملتی ہے کہ نابالغ بچوں کی شادی ہو رہی ہے تو وہ فوری طور پر ایسے نکاح کو روکنے کا حکم جاری کرے گی۔ اس کے علاوہ، بل میں یہ بھی درج ہے کہ اگر کوئی فرد عدالت کو اطلاع دینا چاہے لیکن اپنی شناخت ظاہر نہ کرنا چاہے، تو عدالت اسے مکمل تحفظ فراہم کرے گی۔