برطانیہ پاک بھارت کشیدگی کو کم کرنے کے لیے مدد دینے کو تیار

برطانیہ پاک بھارت کشیدگی کو کم کرنے کے لیے مدد دینے کو تیار

لندن: برطانیہ نے پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق برطانوی وزیر تجارت نے کہا کہ برطانیہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے کے لیے مدد دینے کو تیار ہے، اور ہمارا پیغام یہ ہوگا کہ ہم دونوں ممالک کے دوست اور شراکت دار ہیں۔ وزیر تجارت نے مزید کہا کہ ہم پاکستان اور بھارت کی سپورٹ کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کے لیے تیار ہیں، اور علاقائی استحکام، بات چیت اور کشیدگی کم کرنے کے لیے جو بھی اقدامات درکار ہوں گے، ہم انہیں انجام دینے میں تعاون کریں گے۔ دوسری جانب، روس نے بھی پاکستان اور بھارت سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی درخواست کی ہے۔ روس کی وزارت خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو تحمل سے کام لینا چاہیے۔ جاپان نے بھی دونوں ممالک پر تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے، جاپانی چیف کیبنٹ سیکریٹری نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو بات چیت کے ذریعے اس صورتحال کو مستحکم کرنا چاہیے۔