امید ہے کہ نئی منتخب باڈی کراچی پریس کلب کی روایات کو زندہ رکھتے ہوئے اسے مزید بلندیوں کی طرف لے کر جائے گی،ارم تنویر
کراچی: پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ(پی آئی ڈی)کی ڈائریکٹر جنرل ارم تنویر نے گزشتہ روزکراچی پریس کلب کا دورہ کیا اور نومنتخب عہدیداروں سے ملاقات کی ۔کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری سہیل افضل خان ، خازن عمران ایوب ،گورننگ باڈی کی ممبر موناصدیقی اور سابق سیکرٹری عامر لطیف سمیت دیگر نے کلب آمد پر ڈی جی پی آئی ڈی کا استقبال کیا ۔ارم تنویر نے نومنتخب عہدیداروں کوکامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ منتخب باڈی کراچی پریس کلب کی روایات کو زندہ رکھتے ہوئے اسے مزید بلندیوں کی طرف لے کر جائے گی ۔انہوںنے کہا کہ وفاقی حکومت صحافیوں کے مسائل سے بخوبی واقف ہے اور ان کے حل کے لیے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحافی کسی بھی معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں ۔عوام کے مسائل کو دنیا کے سامنے رکھنے پر ان کا اہم کردار ہے اس لیے ضروری ہے کہ صحافیوں کو وہ تمام سہولیات مہیا کی جائیں جس کے ذریعہ وہ اپنے پیشہ وارانہ فرائض تندہی کے ساتھ انجام دے سکیں ۔کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری سہیل افضل خان اور خازن عمران ایوب نے ارم تنویر کو کراچی پریس کلب میں خوش آمد ید کہتے ہوئے کہا کہ کراچی پریس کلب اپنی تابندہ روایات کو جاری رکھتے ہوئے صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے کام کرتا رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب ملک میں جمہوری تحریکوں کے لیے ایک استعارہ رہا ہے اورجو آواز کہیں بھی نہیں سنی جاتی وہ آواز کراچی پریس کلب میں بلند ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ وفاقی حکومت کراچی پریس کلب کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گی ۔
0 تبصرے