وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کی وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔
سیکرٹری جنرل کی پاکستان آمد پر انکا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے اسلام آباد میں 11 سے 12 جنوری کو مسلم ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم پر بین الاقوامی کانفرنس کی مشترکہ میزبانی میں مسلم ورلڈ لیگ کی حمایت کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے اس اشتراک کی پائیداری اور افادیت کو اجاگر کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اس کانفرنس کے انعقاد سے اس اہم موضوع کے بارے میں عالمی سطح پر ایک اہم پیغام جائے گا کہ مسلم دنیا لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہے۔
سیکرٹری جنرل کی مدبرانہ قیادت کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم نے عالمی سطح پر اسلام کے حقیقی تشخص کو فروغ دینے، مسلم دنیا کے مشترکہ مقاصد کی وکالت نیز مذاہب، عقائد اور تہذیبوں کے درمیان باہمی احترام اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں تنظیم کے تعاون کو سراہا۔
وزیراعظم نے مسلم ورلڈ لیگ کے مقاصد اور اہداف کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سیکرٹری جنرل کا پاکستان میں سیرت میوزیم کے قیام کے فیصلے پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مسلم دنیا کا یہ اہم منصوبہ جلد پائہ تکمیل کو پہنچے گا. انہوں نے کہا کہ پاکستان مشترکہ منصوبوں کی جلد تکمیل بالخصوص سیرت میوزیم کے قیام کے لیے کام جاری رکھے گا۔
سیکرٹری جنرل نے مسلم ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کے شاندار انتظامات اور اس سلسلے میں مسلم ورلڈ لیگ کے ساتھ تعاون پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان اور امت مسلمہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر مسلم دنیا کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم اور کوششوں کی تعریف کی۔
ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ اس کانفرنس کے اختتام پر مسلم ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے متفقہ "اسلام آباد ڈیکلریشن" جاری کیا جائے گا جو کہ خواتین کی تعلیم کے فروغ کے حوالے سے ایک سنگ میل ثابت ہوگا. انہوں نے بتایا کہ اس کانفرنس میں دنیا بھر سے اپنے شعبوں کے نامور و معروف مختلف مکاتب فکر کے جید علماء، اسکالرز اور ماہرین تعلیم حصہ لے رہے ہیں. یہ کانفرنس خواتین کی تعلیم اور اسلام و فوبیا جیسے اہم موضوعات کے بارے میں غلط فہمیاں دور کرنے میں معاون ثابت ہوگی.
وزیرِ اعظم نے ملاقات میں پاکستان کے سعودیہ عرب کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے خادم الحرمین شریفین سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیر اور سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم محمد بن سلمان آلسعود کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا.
ملاقات میں وزیرِ اعظم نے مشرق وسطی کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر جاری مظالم کی مزمت کی اور صورتحال کی بہتری کیلئے عالمی دنیا کے
مؤثر کردار کی اہمیت پر زور دیا.
ملاقات میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وزیرِ مذہبی امور چوہدری سالک حسین، معاون خصوصی سید طارق فاطمی، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.
0 تبصرے