یومِ دفاع کے موقع پر یونیورسٹی میں تقریب، افواجِ پاکستان کو زبردست خراج عقیدت پیش

یومِ دفاع کے موقع پر یونیورسٹی میں تقریب، افواجِ پاکستان کو زبردست خراج عقیدت پیش

کراچی: حکومتِ سندھ کے محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کے زیرِ اہتمام اقراء یونیورسٹی میں یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کا مقصد 6 ستمبر کے قومی و تاریخی دن کی اہمیت کو اجاگر کرنا، دفاعِ وطن کے لیے لازوال قربانیاں دینے والے شہداء اور قومی ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور نوجوان نسل میں حب الوطنی، قومی ذمہ داری اور ملک و قوم کی خدمت کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔ تقریب میں افواجِ پاکستان کے ریٹائرڈ افسران اور قومی ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا جس میں وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) شاہ سہیل مسعود، ایئر وائس مارشل (ریٹائرڈ) اسید الرحمان عثمانی، بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) سید کرار حسین شاہ، کرنل (ریٹائرڈ) مختار بٹ، اسکواڈرن لیڈر (ریٹائرڈ) نفیس احمد ربانی اور کمانڈر ڈاکٹر محمد طاہر نے شرکت کی۔ پینل ڈسکشن کے دوران 6 ستمبر 1965ء کی جنگ کے تاریخی پس منظر، دفاعِ وطن میں افواجِ پاکستان کے کردار اور قومی ہیروز کی قربانیوں پر روشنی ڈالی گئی۔ مقررین نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے میں نوجوان نسل کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ِارَم تنویر نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے شہدائے وطن کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز سندھ منور علی مہیسر اور ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر اسد اسحاق نے کہا کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش دن ہے، اس روز پوری قوم نے متحد ہو کر دشمن کے جارحانہ عزائم کا بھرپور مقابلہ کیا اور یہ ثابت کیا کہ وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار کی مانند متحد اور پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع محض ایک تاریخی واقعہ یاد کرنے کا دن نہیں بلکہ یہ قومی اتحاد، قربانی، عزم اور حب الوطنی کی علامت ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں، تعلیم اور مثبت کردار کے ذریعے ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز سندھ کے ڈپٹی ڈائریکٹر سید حبیب اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ، قومی ایام اور تہواروں کو نوجوانوں کے ساتھ منانے کو خصوصی اہمیت دیتا ہے تاکہ نئی نسل کو پاکستان کے حصول کیلیے دی گئی ان گنت قربانیوں سے آگاہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوان ہی ملک کے مستقبل کے معمار ہیں اور انہیں پاکستان کو مزید ترقی اور خوشحالی کی جانب لے کر جانا ہے۔ تقریب کے اختتام پر تمام طلبہ و طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے جبکہ مقررین اور دیگر شرکاء کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ یہ تقریب نوجوان نسل کو قومی تاریخ، دفاعِ وطن میں دی جانے والی قربانیوں اور قومی ہیروز کی خدمات سے روشناس کرانے کے ساتھ ساتھ انہیں ایک ذمہ دار، باکردار اور فعال شہری کی حیثیت سے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔