اسلام آباد: یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ اور ادارہ فروغ قومی زبان کے زیر اہتمام عبد الرحمن پشاوری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے 24 دسمبر، 11 بجے ایوان اردو میں قومی کانفرنس منعقد ہوئی۔ پروفیسر ڈاکٹر کنول امین، وائس چانسلر، جی سی ویمن یونیورسٹی، فیصل آباد نے کانفرنس کی کی صدارت کی۔ قابل احترام جناب عرفان نذیر اوغلو، سفیر ترکیہ، اسلام آباد کانفرنس کے مہمان خصوصی تھے۔ یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے کنٹری ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خلیل طوقار نے ابتدائی کلمات پیش کرتے ہوئے، کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ عبد الرحمن پشاوری کے پڑ پوتے جناب سلیم جان نے کلیدی خطبہ پیش کیا اور تفصیل سے عبد الرحمن پشاوری کی حیات و خدمات کو خراج تحسین پیش کی۔ ترکیہ اور پاکستان کے ممتاز دانشوروں اور اہل قلم نے عبد الرحمن پشاوری کے حوالے سے اظہار خیال فرمایا، جن میں ڈاکٹر میمہت طوئے ران، ایجوکیشن قونصلر، ترکیہ ایمبیسی، محترمہ سیما نو ایرجان، جناب عبدالاکبر، ڈاکٹر فاروق عادل، ڈاکٹر صدف نقوی اور ڈاکٹر ضیاء الدین شامل ہیں۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی قابل احترام عرفان نذیر اوغلو نے مفصل انداز میں عبد الرحمن پشاوری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ترکیہ اور پاکستان کے صدیوں پر محیط برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر ڈاکٹر کنول امین، وائس چانسلر، جی سی یونیورسٹی، فیصل آباد نے صدارتی خطبہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے عظیم ہیروز کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ انھوں نے کانفرنس انتظامیہ، بالخصوص پروفیسر ڈاکٹر خلیل طوقار، کنٹری ڈائریکٹر، یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ اور پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر ، ڈائریکٹر جنرل، ادارہ فروغ قومی زبان، اسلام آباد کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا، جن کی کاوشوں سے اس قدر اہم فکر انگیز کانفرنس منعقد ہوئی۔ ادارہ فروغ قومی زبان کے ڈائریکٹر جنرل، پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے تمام معزز مہمانوں بالخصوص پروفیسر ڈاکٹر کنول امین اور قابل احترام جناب عرفان نذیر اوغلو کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ ادارہ فروغ قومی زبان کے دروازے ترکیہ اور پاکستان کے باہمی تعلقات کے استحکام کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔
0 تبصرے