بلاول بھٹو زرداری کا شہید شاہنواز بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش
کراچی / اسلام آباد / لاہور؛ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید شاہنواز بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں مزاحمت، حوصلے اور جمہوریت و سماجی انصاف کے اصولوں کے لیے وقف ایک روشن مثال قرار دیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے شہید شاہنواز بھٹو کی سالگرہ پر ان کی ثابت قدمی اور ایک منصفانہ و مساوی معاشرے کے لیے وقف زندگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شہید شاہنواز بھٹو کی زندگی، جو افسوسناک طور پر بہت جلد اختتام پذیر ہوئی، آج بھی نسلوں کو جبر کے خلاف کھڑا ہونے اور پسے ہوئے طبقات کے حقوق کے لیے لڑنے کی ترغیب دیتی ہے۔ ان کی قربانی بھٹو خاندان کی میراث کی رزیلینس اور عزم کی علامت ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پارٹی بھٹو خاندان کے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے، جو جمہوریت، انسانی حقوق اور سماجی مساوات کے اصولوں پر مبنی ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنان سے اپیل کی کہ آج کا دن شہید شاہنواز بھٹو کے اُس مشن کو آگے بڑھانے کے عزم کے ساتھ منایا جائے جس کے لیے انہوں نے اپنی زندگی قربان کی۔ آئیے ہم شہید شاہنواز بھٹو کی یاد کو اس عزم کے ساتھ زندہ رکھیں کہ ہم ایک ایسا پاکستان بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے جہاں انصاف، آزادی اور مساوات کا راج ہو۔
0 تبصرے