اپنی اہلیہ سے طلاق کا اعلان کرتے ہوئے اے آر رحمان نے ایک جذباتی پیغام جاری کیا

سائرہ بانو نے شادی کے 29 سال بعد اپنے شوہر سے علیحدگی کا اعلان کر دیا

اپنی اہلیہ سے طلاق کا اعلان کرتے ہوئے اے آر رحمان نے ایک جذباتی پیغام جاری کیا

چنئی (ویب ڈیسک) آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اور گلوکار اے آر رحمان کی اہلیہ سائرہ بانو نے شادی کے 29 سال بعد اپنے شوہر سے علیحدگی کا اعلان کر دیا جس کے بعد خود موسیقار نے بھی اس معاملے پر اپنی خاموشی توڑ دی ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سائرہ بانو کی وکیل وندنا شاہ نے اے آر رحمان اور سائرہ بانو کی علیحدگی سے متعلق بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ شادی کے کئی سال بعد سائرہ نے اپنے شوہر اے آر رحمان سے علیحدگی کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گہری محبت ہونے کے باوجود جوڑے نے محسوس کیا کہ ناراضگی اور مشکلات کی وجہ سے ان کے درمیان ایک خلا پیدا ہوگیا ہے جسے دونوں فریق اس وقت پر کرنے سے قاصر ہیں۔ سائرہ بانو نے مداحوں سے اس مشکل وقت میں ان کی پرائیویسی اور جذبات کا احترام کرنے کی درخواست کی ہے۔ اے آر رحمان کا جواب اے آر رحمان نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ہم نے شادی کے 30 سال تک پہنچنے کی امید کی تھی لیکن دنیا میں ہر چیز ختم ہوجاتی ہے۔ اے آر رحمان نے مزید ٹویٹ کیا، "اگرچہ اس مشکل وقت سے گزرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ٹوٹے ہوئے ٹکڑوں کو دوبارہ ایک ساتھ نہیں رکھا جا سکتا۔ ہم اپنے دوستوں، رشتہ داروں کے مشکور ہیں جنہوں نے اپنی نیک تمناؤں اور ہمدردیوں کا اظہار کیا اور ہماری رازداری کا خیال رکھیں۔" واضح رہے کہ اے آر رحمان نے سائرہ بانو سے 12 مارچ 1995 کو شادی کی تھی اور جوڑے کے تین بچے ہیں۔