سندھ زرعی یونیورسٹی کا"ایک ملین درخت لگانے کی مہم" جاری

اسریٰ یونیورسٹی حیدرآباد اور ہالا ناکا روڈ پر بڑے پیمانے پر درخت لگائے گئے

سندھ زرعی یونیورسٹی کا

ٹنڈوجام (پریس ریلیز) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کی زیرمیزبانی، بریتھ گرین آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر اسریٰ یونیورسٹی حیدرآباد اور ہالا ناکا روڈ پر بڑے پیمانے پر درخت لگائے گئے، یہ تقریب "ایک ملین درخت لگانے کی مہم" کا ایک حصہ ہے، جوکہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے یونیورسٹی میں ایک بڑی افتتاحی تقریب کے دوران کیا تھا، اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری، سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اے کیو مغل، اورزرعی یونیورسٹی اور اسریٰ یونیورسٹی کے طلباء نے اس مہم میں بھرپور حصہ لیا، جس میں مختلف اقسام کے 200 سے زائد درخت لگائے گئے۔ اس مہم کا مقصد موسمیاتی تبدیلی جیسے اہم ماحولیاتی مسائل کا حل، حیاتیاتی تنوع کو فروغ دینا اور کمیونٹی کی شمولیت کو بڑھانا ہے، اس موقع پر منعقدہ مختصر تقریب کے دوران وائیس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے شجرکاری مہم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک ملین درخت لگانے کی مہم، پورے صوبہ سندھ کے مختلف علاقوں میں جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا، آج لگایا جانے والا ہر درخت ایک سرسبز اور پائیدار مستقبل کی جانب قدم ہے اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اے کیو مغل نے بھی اس مہم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ درخت لگانا آنے والی نسلوں کے لیے ماحولیاتی پائیداری کو یقینی بنانے کا ایک اہم قدم ہے۔ ڈائریکٹر یونیورسٹی ایڈوانسمنٹ اور فنانشل اسسٹنس، پروفیسر ڈاکٹر اسماعیل کمبھر نے اس مہم کے ماحولیاتی فوائد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ مہم نہ صرف ماحولیاتی خدمات کو بہتر بناتی ہے بلکہ ماحول کے تحفظ کے لیے کمیونٹی کی ذمہ داری کا احساس بھی اجاگر کرتی ہے۔ اس مہم میں پروفیسر سریش کمار وادھوانی، ڈاکٹر دوست محمد بلوچ، ڈاکٹر پنجوانی، ڈاکٹر ہارون اقبال، اور ڈاکٹر اعجاز علی کھونھارو سمیت بڑی تعداد میں ماحول دوست کارکنان نے شرکت کی۔