نعتیہ اشعار دلوں میں عشق مصطفی کا جذبہ پیدا کرتے ہیں، گورنر سندھ

انجمن کے سربراہ رضوان صدیقی اور ممتاز مذہبی اسکالرو سابق وفاقی وزیر انیق احمد نے بھی تقریب سے خطاب کیا

نعتیہ اشعار دلوں میں عشق مصطفی کا جذبہ پیدا کرتے ہیں، گورنر سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) رسول اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا عشق دراصل انسانوں کو اللہ تعالیٰ کی بتائی ہوئی راہ کی جانب لے جانے والا سب سے آسان راستہ ہے اور نعت کی محفلیں ہم سب کے دلوں کو نور سے بھرنے کے ساتھ ساتھ مکمل رہنمائی بھی فراہم کرتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے انجمن شیدائیان رسولﷺ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی 36ویں سالانہ محفل نعت کے موقع پر کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دین ہمیں زندگی کی اعلی ترین روایات پر عمل کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔ انجمن شیدائیان رسولﷺ کے سربراہ رضوان صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اتنے اعلی پیمانے پر تواتر کے ساتھ نعت کی 36ویں محفلوں کا انعقاد اللہ کے فضل اور رسول کریمﷺکی کرم نوازی کی بدولت ہی ممکن ہو سکا ہے۔ محفل نعت سے خطاب کرتے ہوئے معروف مذہبی اسکالر اور سابق وفاقی وزیر انیق احمد نے کہا کہ اسلام اور رسول پاک کی تعلیمات انسانوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے اور سلامتی کا پیغام پھیلانے کا کام کرتی ہیں۔ نعت کی ایسی یادگار محفل حضور اکرمﷺسے محبت کرنے کا ذریعہ ہے۔ اس موقع پر عالم اسلام کے جن ممتاز ثناءخوانوں نے بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ان میں صدیق اسماعیل، محمود الحسن اشرفی، فیصل نقشبندی، شفیق احمد، قاری اسد الحق، شکیل مدنی، محمد شارق، سمیر اشرفی اور آفاق بشیر قادری شامل تھے۔ محفل نعت میں شہر کی جن نمایاں شخصیات نے شرکت کی ان میں واثق نعیم، اخلاق احمد، عارف سلیمان، حمزہ تابانی، رانا اشفاق رسول، ندیم ظفر صدیقی، ڈاکٹر فرحت اقبال،میجر کوثر کاظمی، عبدالباسط،ڈاکٹر عائشہ رضوی، ڈاکٹر طیبہ، مدیحہ رزاق اور دیگر نے شرکت کی۔