انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے اور ٹی20 کی نئی رینکنگ جاری کردی جس میں زمبابوین کھلاڑی سکندر رضا نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردی ٹی20 رینکنگ میں شارجہ میں جاری سہ فریقی سیریز میں شامل کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بڑی تبدیلیاں ہوئی ہیں جب کہ ٹی20 بیٹنگ اور باؤلنگ رینکنگ میں کوئی پاکستانی ٹاپ 10 میں شامل نہیں ہے۔
افغانستان کے اوپننگ بلے باز ابراہیم زدران 12 درجے ترقی پاکر 20ویں نمبر پر آگئے ہیں، یو اے ای کے کپتان محمد وسیم 5 درجے ترقی کے بعد 26ویں پوزیشن پر ہیں، پاکستان کے حسن نواز 2 درجے بہتری کے بعد 32ویں اور صائم ایوب 2 درجے تنزلی کے بعد 40ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
ٹی20 رینکنگ میں قومی ٹی20 کپتان سلمان علی آغا نے لمبی چھلانگ لگائی ہے وہ 18درجے بہتری کے بعد 59 ویں نمبر پر آگئے ہیں جب کہ باؤلنگ میں صفیان مقیم 11 درجے لمبی چھلانگ کے بعد 22ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
شاہین آفریدی 8 درجے بہتری کے بعد 26 ویں، حارث رؤف 4 درجے تنزلی کے بعد 28ویں اور محمد نواز 15 درجے کی بہتری کے بعد 43ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
افغانستان کے محمد نبی 26 درجے کی بہتری کے بعد 54ویں نمبر پر آگئے ہیں جب کہ نور احمد 49 درجے کی چھلانگ کے بعد 73ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
0 تبصرے