سندھ زرعی یونیورسٹی میں عالمی یوم خوراک کا انعقاد، آگاہی ریلی اور سیمینار کا انعقاد

پاکستان میں 37 فیصد سے زائد آبادی خوراک کی کمی کا شکار ہے، مقرر

سندھ زرعی یونیورسٹی میں عالمی یوم خوراک کا انعقاد، آگاہی ریلی اور سیمینار کا انعقاد

ٹنڈوجام: سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کی زیرمیزبانی اور اقوام متحدہ کی خوراک اور زراعت کی تنظیم (ایف اے او) کے تعاون سے "خوراک کا حق، بہتر زندگی اور بہتر مستقبل" کے زیر عنوان عالمی یوم خوراک کا پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں سیمینار اور آگاہی ریلی کا اہتمام کیا گیا،

اس موقع پر فیکلٹی آف کراپ پراڈکشن کے ڈین، ڈاکٹر عنایت اللہ راجپر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 37 فیصد سے زائد آبادی خوراک کی کمی کا شکار ہے، جبکہ سندھ میں لوگوں کی بڑی تعداد غربت کی انتہائی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ جس کی وجہ تیز رفتاری سے بڑھتی ہوئی آبادی، موسمیاتی تبدیلی، اور پانی کی کمی ہیں، ڈاکٹر راجپر نے خوراک کے وسائل کے تحفظ، زراعتی طریقوں کو بہتر بنانے، اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے تحقیق پر مبنی حل کے نفاذ کی ضرورت پر زور دیا۔

فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین، ڈاکٹر اعجاز علی کھونھارو نے سندھ میں خوراک تحفظ کے چیلنجز کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غربت، محدود قوت خریداری، اور غذائی قلت نے خاص طور پر تھر کے علاقے میں کمیونٹیز کو متاثر کیا ہے، جہاں بچوں کو اسٹنٹنگ اور مائیکرو نیوٹرینٹ کی کمی کا سامنا ہے۔ انہوں نے فی ایکڑ فصل کی پیداوار بڑھانے اور خوراک کے ضیاع کو کم کرنے کے لیے فوری تحقیق کی ضرورت پر زور دیا۔ انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈئریکٹر ڈاکٹر اعجاز حسین سومرو نے کہا کہ آئی ایف ایس ٹی خوراک کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعلیم، تحقیق، اور جدت کے ذریعے سرگرم عمل ہے۔

انہوں نے بین الاقوامی تنظیموں اور مقامی کمیونٹیز کے ساتھ مشترکہ تعاون کے ذریعے پائیدار زرعی طریقوں اور غذائیت کی بہتری پر توجہ دینے کی اہمیت کو اجاگر کیا، تاکہ خوراک کے ضیاع کو کم کیا جا سکے اور غذائیت سے بھرپور خوراک تک رسائی کو بہتر بنایا جا سکے۔

اس موقع پر، ڈاکٹر محمد اسماعیل کمبھر، ڈائریکٹر یو اے اینڈ ایف اے؛ ڈاکٹر اشفاق احمد ناہیون، صوبائی کوآرڈینیٹر ایف اے او؛ ڈاکٹر اللہ ودھایو گانداھی، ڈاکٹر محمد بچل بھٹو، ڈاکٹر تحسین فاطمہ میانو، ڈاکٹر شہزور گل خاصخیلی، ڈاکٹر آسیہ اکبر پنہور، اور دیگر فیکلٹی کے اراکین نے بھی تقریب میں اظہار خیال کیا اور نگرانی کی، قبل ازیں، ورلڈ فوڈ ڈے آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جبکہ طلبہ نے غذائی مصنوعات کی نمائش اور پوسٹر مقابلے میں 25 منفرد غذائی اشیاء اور 20 معلوماتی پوسٹرز پیش کیے۔ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا۔