جماعت اسلامی کے سینئر رہنما اور سابق امیر قمبر عبدالمجید سومرو انتقال کر گئے

اسد اللہ بھٹو، کاشف سعید شیخ ودیگر ذمے داران کا اظہار افسوس

جماعت اسلامی کے سینئر رہنما اور سابق امیر قمبر عبدالمجید سومرو انتقال کر گئے

کراچی: جماعت اسلامی سندھ کے بزرگ رکن اور قمبر شہر کے سابق امیر عبدالمجید سومرو پیر کی شام 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔مرحوم کچھ عرصے سے شدید علیل اور ڈائیلاسز پر تھے۔ ان کے پسماندگان میں اہلیہ، 7 بیٹے اور 5 بیٹیاں ہیں۔ مرحوم نہ صرف جماعت اسلامی کے سرگرم رہنما کے طور پر جانے جاتے تھے بلکہ شہر کی سیاست میں بھی ایک بڑا نام تھا۔ وہ خود ایک اچھے مقرر اور مدرس تھے۔ وہ 3 مرتبہ جماعت اسلامی قمبر سٹی کے امیر اور ایک بار ضلع قمبر شہدادکوٹ کے نائب امیر رہے۔ انہوں نے بلدیاتی اور عام انتخابات میں بھی حصہ لیا۔ دریں اثناءجماعت اسلامی کے امیر کاشف سعید شیخ، سینئر رہنما مولانا اسد اللہ بھٹو، سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنہ اور دیگر ذمے داران نے عبدالمجید سومرو کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ صوبائی امیر کاشف سعید شیخ نے کہاکہ وہ جماعت اسلامی کے سرگرم رہنما ، مہمان نوازاورزندہ دل انسان تھے۔مرحوم نے ہمیشہ نوجوانوں کی سرپرستی اورتربیت کرکے جماعت سے جوڑااورخود بھی آخری وقت تک اقامت دین کی جدوجہدمیں مصروف عمل رہے ان کی تحریکی خدمات کو ہمیشہ یادرکھا جائے گا۔#