پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات میں اکبر ایس بابر ایک بار پھر میدان میں آگئے
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کے فیصلے کو دوبارہ الیکشن کمیشن میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔
اپنے ایک بیان میں اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کریں گے، اس حوالے سے قانونی مشاورت بھی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے 22 دسمبر 2023 کے فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی کی پوری قیادت کو کالعدم قرار دے دیا گیا ہے، حتیٰ کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں بیرسٹر گوہر خان کو پی ٹی آئی کا ’’من مانی نامزد‘‘ چیئرمین قرار دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی نامزد کردہ کالعدم پی ٹی آئی قیادت کی نئی مہم اور ازخود انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالے سے قانونی اور سیاسی میدان میں مقابلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ جب تک پی ٹی آئی کی قانونی حیثیت بحال نہیں ہوتی، پی ٹی آئی کی غیر قانونی قیادت پر پارٹی وسائل بشمول دفاتر اور بینک اکاؤنٹس کو غیر قانونی قرار دے کر استعمال کرنے پر پابندی لگائی جائے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے 3 مارچ 2024 کو انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔
0 تبصرے