کے ایم سی مارکیٹوں کے کرایوں میں 150فیصد اضافہ ماورائے قانون ہے: شریف میمن
کراچی (کامرس رپورٹر) چئیرمین بولٹن مارکیٹ تاجر اتحاد ایسبوسی ایشن شریف میمن نے کہا کہ کے ایم سی مارکیٹوں کے کرایوں میں 150فیصد اضافہ ماورائے قانون ہے تاجر اسے ہرگز تسلیم نہیں کریں گے۔ دکانوں کے کرایوں میں 150 فیصد اضافہ غیر قانونی اور ظالمانہ ہے،اضافے کی واپسی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اپنے وعدوں کے مطابق کرایوں میں کمی کریں شریف میمن نے کہا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا یہ دعوی جھوٹا ہے کہ کے ایم سی کی دکانوں کا کرایہ 200 روپے اور 500 روپے ہے جو سراسر غلط ہے۔ کے ایم سی کے دکاندار ہزاروں روپے ماہانہ کرایہ ادا کرتے ہیں جبکہ 80 مارکیٹوں میں کسی مارکیٹ کی مینٹیننس کرتی ہے۔ رنگ روغن، ٹوٹ پھوٹ اور مرمت کاکام 70 سال سے تاجر اپنے خون پسینے کی کمائی سے کر رہے ہیں۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب جن مارکیٹوں کا کرایہ کمرشل مارکیٹوں کے برابر کرنا چاہتے ہیں ان مارکیٹوں میں واش روم تک کی سہولت موجود نہیں ہے۔ مارکیٹوں کی مینٹیننس کے لیے رکھا گیا بجٹ ہر سال بیوروکریسی کھا جاتی ہے۔ شریف میمن نے مزید کہا کے ایم سی کی مارکیٹوں میں اس وقت دکانداروں کی نسل کاروبار کر رہی ہے،جن مارکیٹوں کا کرایہ میئر کراچی 150 فیصد بڑھانا چاہتے ہیں اصل میں وہ تاجروں کی ملکیت ہے، یہی وجہ ہے کہ سابقہ میئرز اور ایڈمنسٹریٹرز کی جانب سے تاجروں کو لیز دینے کی بھی پیش کشں کی گئی تھیں۔ شریف میمن نے کے ایم سی مارکیٹ کے تاجروں کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔شریف میمن نے کہا کہ میئر کراچی کا رویہ تاجروں کے ساتھ ظالمانہ ہے اور پیپلز پارٹی کے منشور کے خلاف ہے۔پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری عوام کو سہولتیں دینے کا اعلان کررہے ہیں جبکہ میئر کراچی تاجروں کا خون نچوڑنا چاہتا ہے اور 9 ہزار سے زائد تاجروں کو فاقہ کشی کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں۔#
0 تبصرے