فلسطینی مجاہدین نے عزیمت کی عظیم تاریخ رقم کردی ہے،اسلام کی عظمت رفتہ کی یادتازہ کرنے پر حماس کو سلام پیش کرتے ہیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر)مسلم حکمران متحد ہوکر اپنی مسلم اقوام متحدہ تشکیل دیں، اوآئی سی اور اسلامی فوج کے سربراہ منظرعام پر آئیں۔ فلسطینی مجاہدین نے عزیمت کی عظیم تاریخ رقم کردی ہے، حماس نے اسرائیل کو دن میں تارے دکھاکر اس کا ساراغرور خاک میں ملادیا، اسلام کی عظمت رفتہ کی یادتازہ کرنے پر حماس کو سلام پیش کرتے ہیں۔یہ باتیں جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے جنرل سیکریٹری فقیر ملک محمدشکیل قاسمی نے جے یوپی کے تحت نائب صدر مفتی محمدحفیظ اللہ ہادیہ، یوتھ ونگ کے صدر راؤ عبدالرحمان، نائب صدر صاحبزادہ ولید رضاشہیدی کی قیادت میں بلال مسجد سیکٹر4نارتھ کراچی سے نکالی گئی اسرائیل مردہ باد ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ریلی میں معروف میچ میکر رہنماسمیع شیخ، معروف ماہر تعلیم ڈاکٹرارشدعلی خان،شفیق عباسی، سید قیصرعباس، سید سفیان انورقادری، ملک شکیل احمد، نوید لطیف قادری، عدیل رشید، ارسلان خانزادہ، TMQکے ترجمان محمد الیاس مغل، سید لیاقت علی شاہ،محمدطارق تنولی، قاری محمدذاکر ہادیہ، قاری محمدرئیس قادری، محمد احسن سمیت علاقائی ذمہ داران اوراہلیان علاقہ کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔فقیر شکیل قاسمی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ فلسطینی مسلمان عرصہ دراز سے اپنے حقوق کی جنگ لڑرہے ہیں،اسلامی ممالک اور امت مسلمہ ساتھ دیں، اسرائیلی فوجیوں کے حملوں میں لاکھوں فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں، گھر اور بازار تباہ ہوچکے ہیں، ہسپتال برباد ہوگئے ہیں، ہزاروں مسلمان شہید اور بے شمار زخمی ہیں لیکن انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو یہ سب کچھ نظر نہیں آتا کیونکہ ان کی آنکھوں پر تعصب کی پٹی بندھی ہے۔ پاکستانی قوم اپنے فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ ہے، جمعیت علمائے پاکستان ملک بھر میں یوم یکجہتیء فلسطین کے حوالے سے پروگرامز کررہی ہے، اس سلسلے میں شہر بھر میں اسرائیل مردہ باد ریلیاں نکالی جارہی ہیں اور مظاہرے کئے جارہے ہیں، جبکہ نمازجمعہ کے خطبات میں بھی علماء وآئمہ کرام نے اسرائیل کے خلاف مذمتی قراردادیں منظورکروائیں۔
0 تبصرے