پاکستان ایک ترقی پذیر جمہوریت ہے، جہاں آئینی نظام ہے اور یہاں عدالتی طریقہ کار کی اپنی اہمیت ہے
اسلام آباد (ویب ڈیسک) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کی قید یا رہائی سے متعلق میں مغل بادشاہ جیسا کوئی فرمان جاری نہیں کر سکتا۔
ایک انٹرویو میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان ایک ترقی پذیر جمہوریت ہے، جہاں آئینی نظام ہے اور یہاں عدالتی طریقہ کار کی اپنی اہمیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سمیت کسی بھی سیاسی شخصیت کے بارے میں جو بھی فیصلہ ہوگا، وہ عدالتی عمل کے نتیجے میں ہوگا، میں یہ پابندی کیسے ہٹا سکتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کی تیاریاں مکمل ہیں اور انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے تاہم کچھ سیکیورٹی خدشات ہیں، جنہیں دور کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے نواز شریف پر نرم رویہ اختیار کرنے کے سوال پر نگراں وزیراعظم نے کہا کہ میں اس تاثر کو یکسر مسترد کرتا ہوں، 9 مئی کے واقعات سے قبل فضل الرحمان، آصف زرداری اور عمران خان سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ نگران حکومت کسی ڈیل کا حصہ کیوں بنے گی۔ جب نواز شریف عدالتی فیصلے پر باہر گئے تو اس وقت نہ نگران سیٹ تھی اور نہ ہی پی ڈی ایم کی حکومت تھی بلکہ اس وقت عمران خان کی حکومت تھی۔
0 تبصرے