مادام تساؤ میوزیم میں بے نظیر بھٹو کے مجسمے کی نقاب کشائی

بے نظیر کے صاحبزادے اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری آج صبح ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے،

مادام تساؤ میوزیم میں بے نظیر بھٹو کے مجسمے کی نقاب کشائی

دبئی (ویب ڈیسک) عالم اسلام کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کا مجسمہ آج دبئی کے مادام تساؤ میوزیم میں نصب کر دیا گیا۔ گلف نیوز کے مطابق دبئی کے مادام تساؤ میوزیم میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کا مجسمہ پہلی بار کسی پاکستانی شخصیت کی جانب سے لگایا جائے گا۔ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے صاحبزادے اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری آج صبح ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے، انہوں نے دیگر معززین اور سفارت کاروں کے ہمراہ مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلاول اپنے دورے کے دوران اپنے اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زید النہیان سے ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر بھی بات کریں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ان کے بھائی شیخ سعید بن زید النہیان کے انتقال پر تعزیت بھی کریں گے۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف مختصر ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے جہاں انہوں نے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ان کے بھائی شیخ سعید بن زید النہیان کے انتقال پر تعزیت کی۔ ایک روز قبل جاری ہونے والے ایک بیان میں دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا دورہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ پاکستان کے مضبوط تعلقات اور دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی مثبت تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک برادرانہ تعلقات کو مسلسل مضبوط بنانے اور باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔