سعودی عرب اور قطر منشیات اسمگل کرنے کی کوششیں ناکام

تمام ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے

سعودی عرب اور قطر منشیات اسمگل کرنے کی کوششیں ناکام

اسلام آباد: اے این ایف نے مختلف کارروائیوں میں سعودی عرب اور قطر منشیات اسمگل کرنے کی کوششیں ناکام بنا دیں۔ ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق اے این ایف کا منشیات کے خلاف ملک گیر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں 4 مختلف آپریشنز میں 25 کلو منشیات برآمد کرکے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسلام آباد ائرپورٹ پر Gf-771 کے ذریعے جدہ جانے والے بونیر اور مردان کے رہائشی 2 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے ٹرالی بیگ سے ایک کلو 200 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔ دوسری کارروائی میں برہان انٹرچینج اٹک کے قریب گاڑی میں چھپائی گئی 4کلو 800گرام چرس برآمد کرلی گئی، جو گاڑی میں بنائے گئے خفیہ خانے میں چھپائی گئی تھی۔ حکام نے کوہستان کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا۔ اُدھر موٹروے ٹول پلازہ شیخو پورہ پر 2 گاڑیوں سے مجموعی طور پر 18 کلو افیون برآمد کرکے صوابی اور لاہور کے رہائشی 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ دریں اثنا ملتان انٹرنیشنل ائرپورٹ پر پروازنمبر QR-617 کے ذریعے قطر جانے والا مسافر کو گرفتار کرلیا گیا۔ گجرات کے رہائشی ملزم کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 999گرام آئس برآمد ہوئی تھی۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔