پشاور میں ایف سی کی گاڑی پر خودکش حملہ، ایک شہید اور 7 زخمی

اسپتال میں دھماکے سے زخمی ہونے والے دو افراد کو لایا گیا اور دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے

پشاور میں ایف سی کی گاڑی پر خودکش حملہ، ایک شہید اور 7 زخمی

پشاور: حیات آباد میں ایف سی کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکے سے ایک اہلکار شہید جبکہ ایف سی اہل کاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور کے علاقے حیات آباد فیز سکس میں ایف سی کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے، اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز،فائر وہیکل اور سیکیورٹی ادارے موقع پر پہنچ گئے۔ امدادی ادارے نے 8 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے جنہیں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا۔ دھماکے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، زخمی ہونے والا ایک اہلکار دوران علاج جانبر نہ ہوسکا۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر شہزاد اکبر خان نے تصدیق کی کہ اسپتال میں دھماکے سے زخمی ہونے والے دو افراد کو لایا گیا اور دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ باقی زخمیوں کو دوسرے اسپتال، سی ایم ایچ لے جایا گیا ہے۔