ایران کو تجارت میں سہولت دینے کے لیے پاکستان کا بڑا فیصلہ

ایران کو تجارت میں سہولت دینے کے لیے پاکستان کا بڑا فیصلہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان نے ایران کو تجارت میں سہولت فراہم کرنے کا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان کے ذریعے کسی تیسرے ملک کے لیے ایران کو تجارت کی اجازت دے دی ہے۔ وزارتِ تجارت نے پاکستان کے ذریعے سامان کی ترسیل کے لیے ٹرانزٹ آرڈر 2026 کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت نے امپورٹ، ایکسپورٹ کنٹرول ایکٹ 1950 میں ترامیم کی ہیں، اور یہ حکم نامہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ حکم اُن ٹرانزٹ اشیاء کی نقل و حرکت پر لاگو ہوگا جو کسی تیسرے ملک سے روانہ ہوں گی، اور یہ اشیاء پاکستان کے ذریعے ایران کے مختلف مقامات تک پہنچائی جائیں گی۔ پاکستان کی جانب سے سامان کی نقل و حرکت کے لیے مخصوص راستے بھی مقرر کیے گئے ہیں، جن میں گوادر، پورٹ قاسم، لیاری، اورماڑا، پسنی اور گبد روٹ شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ خضدار، دالبندین، تفتان، گوادر اور تربت کے راستے بھی اس حکم نامے کا حصہ ہیں، جبکہ ہوشاب، پنجگور، ناگ، بیسیمہ، کوئٹہ/لک پاس اور نوکنڈی کے راستے بھی شامل کیے گئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سامان کی نقل و حرکت کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت بنائے گئے قواعد اور ایف بی آر کی جانب سے مقرر کردہ طریقہ کار کے مطابق ہوگی۔